آر ٹی سی کی ناکارہ بسیں موبائل بیت الخلاء میں تبدیل

,

   

حکومت کی تمام بلدی کمشنراں کو ہدایت ، آر ٹی سی بسوں کی نشاندہی کا آغاز
￿حیدرآباد۔ ریاستی حکومت کی جانب سے تلنگانہ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی وہ بسیں جو ناقابل استعمال ہوچکی ہیں کو حاصل کرتے ہوئے انہیں موبائیل بیت الخلاء میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا اور اب اس سلسلہ میں بسوں کو تیار کرتے ہوئے ریاست کی مختلف بلدیات کے حوالہ کیا جانے لگا ہے۔حکومت کے محکمہ بلدی نظم ونسق کی جانب سے ریاست میں 1000نفوس پر مشتمل شہری آبادی کیلئے کم از کم ایک عوامی بیت الخلاء تعمیر کئے جانے کے فیصلہ کے تحت کئے جانے والے ان اقدامات کے سلسلہ میں بتایا جا رہاہے کہ ریاست میں موجود 77لاکھ کی شہری آبادی کیلئے گشتی بیت الخلاء قائم کئے جائیں گے اور اس کے لئے ٹی ایس آر ٹی سی کی ناکارہ بسوں کا استعمال کیا جائے گا۔وزارت بلدی نظم و نسق کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کے مطابق ان بسوں پر دو لاکھ روپئے خرچ کرتے ہوئے انہیں بیت الخلاء میں تبدیل کیا جا رہاہے اور ایک بس پر دو لاکھ روپئے کے اخراجات کے ذریعہ ان بیت الخلائوں کو سولار پاؤر سے مربوط کرنے کے علاوہ ان میں بائیو ڈائیجسٹر کی تنصیب عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے علاوہ ازیں خواتین کیلئے مخصوص بیت الخلاؤں میں سینٹیٹری نیپکن کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے ریاست میں موجود تمام بلدیات کے کمشنران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے علاقو ںمیں موجود آرٹی سی ڈپو مینیجرس سے رابطہ کر کے ان کے پاس موجود ناقابل استعمال بسوں کے حصول کے لئے اقدامات کریں تاکہ ان بسوں کو بیت الخلاء میں تبدیل کرنے کے اقدامات کئے جاسکیں۔بتایاجاتا ہے کہ ریاست کے مختلف اضلاع میں اس سلسلہ میں اقدامات کے جانے لگے ہیں اور حکومت کی جانب سے شہر میں بھی جلد گشتی بیت الخلاء شروع کرنے کے اقدامات کی ہدایات جاری کی جاچکی ہیں۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کی دیگر بلدیات میں ہنگامی خطوط پر حکومت کی جانب سے بیت الخلاؤں کی تعمیر اور عوامی سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کا آغاز کیا جاچکا ہے اور ریاست کی تمام بلدیات میں موجود کمشنران آرٹی سی حکام سے رابطہ کرتے ہوئے ناکارہ بسوں کے حصول کے علاوہ ان بسوں کو فوری اثر کے ساتھ سولار پیانل ‘ الکٹریسٹی اور بائیو ڈائیجسٹر سے مربوط کرتے ہوئے بیت الخلاء میں تبدیل کرنے کے اقدامات کے جارہے ہیں۔گذشتہ چند ہفتوں کے دوران وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ نے وزیر ٹرانسپورٹ سے بات چیت کے بعد فی ناکارہ بس کے لئے 2لاکھ روپئے فراہم کرنے کو منظوری دی تھی اور محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے 1200 ناقابل استعمال بسوں کی موجودگی کی توثیق کی گئی تھی جو کہ بلدیات کو حوالہ کی جائیں گی۔