آر ٹی سی کی ڈیزل بسوں کو الیکٹرک میں تبدیل کرنے کا منصوبہ

   

ڈیزل بسوں سے بھاری نقصان، شہر میں 40 الیکٹرک بسوں کا کامیاب تجربہ
حیدرآباد۔ تلنگانہ آر ٹی سی نے روایتی ڈیزل بسوں کو الیکٹرک بسوں میں تبدیل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اس سلسلہ میں خانگی اداروں سے بات چیت کی جارہی ہے تاکہ ڈیزل انجنوں کو الیکٹرک سے تبدیل کیا جائے۔ انجن کے علاوہ دیگر ضروری مشنری الیکٹرک سے چلنے کیلئے بسوں میں درکار تبدیلیاں کی جائیں گی۔ گریٹر حیدرآباد زون میں ایر پورٹ روٹ پر 40 الیکٹرک بسیں چلائی جارہی ہیں۔ ایکزیکیٹو ڈائرکٹر گریٹر حیدرآباد زون وی وینکٹیشورلو نے کہا کہ کارپوریشن آٹو موٹیو ریسرچ اسوسی ایشن آف انڈیا اور ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کی منظوری کا منتظر ہے تاکہ دیگر بسوں کو الیکٹرک میں تبدیل کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ نئے اقدام سے نہ صرف ماحولیات کا تحفظ ہوگا بلکہ بڑے پیمانے پر بچت ہوگی۔ وزارت بھاری مصنوعات کے تحت کام کرنے والے آٹو موٹیو ریسرچ اسوسی ایشن کی جانب سے ٹسٹنگ اور سرٹیفکیشن کا کام انجام دیا جاتا ہے۔ سابق میں آندھرا پردیش روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن میں بسوں کو بیاٹری سوائپ ٹکنالوجی کے ذریعہ الیکٹرک میں تبدیل کیا گیا تھا اور تجرباتی بنیاد پر یہ بسیں تروملا گھاٹ کی روٹ پر چلائی گئی تھیں۔ یہ تجربہ کامیاب رہا جس کی بنیاد پر تلنگانہ آر ٹی سی نے شہر میں اس ٹکنالوجی کے استعمال کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خانگی اداروں سے بات چیت کے بعد بس تیار کرنے والی کمپنیاں نئی ضرورتوں کے مطابق تبدیلیاں کریں گی۔ ڈیزل سے چلنے والی بسوں پر آر ٹی سی کو فی کیلو میٹر 17 روپئے کا خرچ آرہا ہے اور الیکٹرک بسوں کی صورت میں یہ خرچ گھٹ کر فی کیلو میٹر 6 روپئے ہوجائے گا۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے پس منظر میں کارپوریشن کے لئے ڈیزل بسوں کو چلانا چیلنج بن چکا ہے لہذا ڈیزل کی جگہ الیکٹرک بسوں کی تجویز ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں چلنے والی 40 الیکٹرک بسوں سے حوصلہ افزاء ردعمل حاصل ہوا ہے۔ فی کیلو میٹر 37 روپئے کی آمدنی الیکٹرک بسوں سے ہورہی ہے۔