کے سی آر نے تصویرآویزاں نہ کرنے کی ہدایت دی
حیدرآباد ۔4 ۔ فروری (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آر ٹی سی کی کارگو بسوں پر ان کی تصویر آویزاں کرنے سے متعلق آر ٹی سی حکام کے فیصلہ کی مخالفت کی ۔ میڈیا کے گوشوں میں یہ خبریں گشت کر رہی تھیں کہ تلنگانہ آر ٹی سی اپنی کارگو بسوں پر چیف منسٹر کے سی آر کی تصاویر ڈسپلے کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ چیف منسٹر نے ان کوششوں پر اعتراض جتایا ۔ کے سی آر نے کہا کہ ان کا مقصد کارگو سرویس کے ذریعہ آر ٹی سی کو منافع بخش ادارہ میں تبدیل کرنا ہے۔ انہیں اس سے پبلسٹی حاصل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ یہ تجویز ان کے لئے قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ مختلف اسکیمات پروگراموں اور عوام کے لئے خدمات جاری رکھیں اور وہ ان سرگرمیوں سے سستی شہرت حاصل کرنا نہیں چاہتے۔ چیف منسٹر کے اسپیشل سکریٹری پی راج شیکھر ریڈی نے مینجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ آر ٹی سی کو نوٹ روانہ کیا جس میں چیف منسٹر کے خیالات سے آگاہ کیا گیا۔ مینجنگ ڈائرکٹر کو ہدایت دی گئی کہ کارگو بسوں پر کسی بھی صورت میں چیف منسٹر کی تصویر آویزاں نہ کی جائے ۔