آر ٹی سی کے اثاثہ جات پر چیف منسٹر کی نظر: بی سنجے

   

کے سی آر خاندان کے چنگل سے تلنگانہ کو آزاد کرایا جائے گا
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ بی سنجے نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر آر ٹی سی کے اثاثہ جات کو قریبی افراد میں تقسیم کرنے کیلئے خانگیانے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے چیف منسٹر کو چیلنج کیا کہ وہ آر ٹی سی کے اثاثہ جات کے بارے میں تلگو چیانل کی جانب سے کئے گئے انکشافات کا جواب دیں ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر آر ٹی سی کی اراضیات پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اثاثہ جات کی تفصیلات اکھٹا کی جارہی ہیں۔ انہوں نے آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کو نظر انداز کرنے پر سخت تنقید کی اور کہا کہ چیف منسٹر کے رویہ سے صورتحال سنگین ہوچکی ہے۔ بی سنجے نے کہا کہ کے سی آر اور ان کے افراد خاندان کے چنگل سے تلنگانہ کو آزادی کرایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر ڈکٹیٹرشپ کی طرح حکمرانی کر رہے ہیں۔ تلنگانہ تحریک میں حصہ لینے والے آر ٹی سی ملازمین کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے آر ٹی سی ملازمین کی تائید میں ریالی منظم کرنے کی کوشش کی جس پر پولیس اور بی جے پی کارکنوں کے درمیان تصادم کی نوبت آگئی ۔ پولیس نے بی جے پی رکن پارلیمنٹ کو حراست میں لے لیا جس کے بعد بی جے پی کارکن پولیس کی گاڑی کے آگے لیٹ گئے ۔ کارکنوں نے گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے پولیس کی گاڑیوں کو روک دیا جس سے صورتحال کشیدہ ہوگئی ۔ پولیس نے ہلکی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے کارکنوں کو منتشر کیا ۔