سجنار نے مینجنگ ڈائرکٹر کے عہدہ کا جائزہ لیا، ملازمین کی بھلائی پیش نظر رکھنے کا تیقن
حیدرآباد۔3 ۔ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ آر ٹی سی کے نائب صدرنشین و مینجنگ ڈائرکٹر کی حیثیت سے آئی پی ایس عہدیدار سجنار نے آج جائزہ حاصل کرلیا۔ انہوں نے آر ٹی سی ملازمین کی تنظیموں کو یقین دلایا کہ وہ آر ٹی سی کے تحفظ اور اسے منافع بخش ادارہ میں تبدیل کرنے کے لئے اقدامات کریں گے ۔ سجنار نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آر ٹی سی بس میں سفر کرتے ہوئے محفوظ طریقہ سے اپنی منزل تک پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی کی آمدنی میں اضافہ کے اقدامات کئے جائیں گے۔ سجنار نے کہا کہ آر ٹی سی کی ترقی اور اس کے استحکام کے لئے منصوبہ تیار کیا جائے گا ۔ حکومت کی جانب سے گزشتہ کئی برسوں سے آر ٹی سی کی ہر ممکن مدد کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پر کسی بوجھ کے بجائے ادارہ کو خود مکتفی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ کورونا وباء اور لاک ڈاون کے نتیجہ میں آر ٹی سی کو بھاری نقصان ہوا ہے ۔ ملک میں سیاحت کا شعبہ بھی متاثر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کے دوران آر ٹی سی نے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ گزشتہ دو برسوں میں ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 21 روپئے کا اضافہ ہوا جس کے نتیجہ میں آر ٹی سی کے مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔R