حیدرآباد۔/29ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ آر ٹی سی کی خاتون کنڈکٹرس کیلئے کارپوریشن نے رعایت کا اعلان کیا ہے۔ خاتون کنڈکٹرس رات 8 بجے اپنے متعلقہ ڈپو پہنچ جائیں اور اسی انداز سے ڈیوٹی کا شیڈول تیار کیا جائے۔ آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائرکٹر وی سی سجنار نے اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے۔ انہوں نے احکامات پر فی الفور عمل آوری کی ہدایت دی۔ آر ٹی سی میں طویل ہڑتال کے اختتام کے بعد یکم ڈسمبر 2019 کو چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کارپوریشن کے تمام سطح کے ملازمین کے ساتھ ملاقات کی تھی جس میں خاتون کنڈکٹرس نے انہیں درپیش مسائل اور مشکلات سے واقف کرایا تھا۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی تھی کہ خاتون کنڈکٹرس کی ڈیوٹی رات 8 بجے ختم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ 4 ڈسمبر کو عہدیداروں نے ڈیوٹی کے اوقات میں تبدیلی کرتے ہوئے احکامات جاری کئے تھے جس پر عمل آوری جاری تھی۔ بعد میں احکامات سے دستبرداری اختیار کرلی گئی۔ خاتون کنڈکٹرس نے شکایت کی کہ رات 8 بجے کے بعد ڈیوٹی انجام دینے کی شرط سے مشکلات پیش آرہی ہیں جس پر منیجنگ ڈائرکٹر سجنار نے تازہ احکامات جاری کرتے ہوئے خاتون کنڈکٹرس کو راحت پہنچائی ہے۔ر