آر ٹی سی کے کامیاب احتجاج سے حکومت کی نیند اڑ گئی

   

کلواکرتی میں سابق رکن اسمبلی ڈاکٹر سی ومشی چندراریڈی کا خطاب

کلواکرتی ۔ 20؍ اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کلواکرتی میں آر ٹی سی ورکرس کے احتجاجی کیمپ پہنچ کر سابقہ ایم ایل اے وکانگریس آل انڈیا جنرل سکریٹری ڈاکٹر ومشی چندریڈی نے ان کی تائید کر تے ہوئے ان کے مطالبات کی تکمیل تک ہر قدم پر ان کے ساتھ رہنے کا تیقن دیا اور بتایا کہ کارپوریشن کسی کی جاگیر نہیں وہ ہمارا ہے اور اس کی ترقی کے لئے ہم جدوجہد کریں گے ۔ اور حکومت ہمیں ہمارا حق دے تو ہم ضرور اس کو ترقی کے اعلی منازل پر لے جائیں گے ۔ گذشتہ دنوں سے چل رہے آپ کے کامیاب احتجاج کے سبب حکومت کی نیند اڑ گئی ہے جس کے سبب وہ آپ سے بات کرنے سے گھبرا رہی ہے ‘ چونکہ ہماری ریاست کے چیف منسٹر کو کام کم باتیں زیادہ کرنے کی عادت ہے وہ غلط باتیں عوام کے درمیان کارپوریشن کے تعلق ہو لیکر اب آپ کا صحیح جواب سننے سے ڈر رہے ہیں جس کے لئے بات کرنے سے پیچھے ہٹ رہے ہیں ‘ آپ کا یہ احتجاج صرف آپ کا نہیں سارے تلنگانہ کے ہر ایک شخص کا احتجاج ہے جو اس ہٹلر حکومت سے پریشان ہے آپ کی طرح ہر ایک شعبہ احتجاج کے لئے آگے آگے آ رہا ہے جس کی مثال آپ کا یہ احتجاجی کیمپ ہے جس میں کئی ایک شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے قائدین اور عہدیدار شامل ہیں ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کانگریس ہر طرح سے آپ کے مسائل حل کرنے اور مسائل کی تکمیل تک برابر آپ کے ساتھ ہے اس موقع پر کانگریس کے قائدین اور پارٹی کارکن کثیر تعداد میں موجود تھے ۔