لاک ڈاؤن کے نقصانات کی پابجائی، مزید نئی سرویسیس کا آغاز
حیدرآباد۔/19 اگسٹ، ( سیاست نیوز)تلنگانہ میں آر ٹی سی کو خسارہ سے بچانے کیلئے حکومت قرض فراہم کرنے پر مجبور ہوچکی ہے لیکن گریٹر حیدرآباد زون کی کارکردگی نے اُمید کی نئی کرن کا کام کیا ہے جس کے نتیجہ میں مستقبل میں آر ٹی سی خسارہ سے اُبھرنے کی صلاحیت پیدا کرے گی۔ کورونا وباء کے آغاز کے بعد سے آر ٹی سی کو بھاری نقصان ہوا لیکن دیگر زونس کے مقابلہ میں گریٹر حیدرآباد زون نے اپنی کارکردگی کو تقریباً معمول پر واپس لانے کا کام کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مسافرین کی تعداد اور آمدنی معمول کے مطابق بحال ہوچکی ہے جس کے نتیجہ میں عہدیداروں کو امید ہے کہ گریٹر حیدرآباد زون آنے والے دنوں میں آمدنی کا ریکارڈ قائم کرے گا۔ جولائی میں آر ٹی سی میں مسافرین کی تعداد 54 فیصد درج کی گئی جو فروری کے بعد سب سے زیادہ ہے۔ نائیٹ کرفیو اور جزوی لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں کارکردگی متاثر ہوئی تھی۔R