نظم و ضبط کی برقراری کو یقینی بنانے حکومت تلنگانہ کے سخت سیکوریٹی انتظامات
حیدرآباد۔9اکٹوبر(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے 10اکٹوبر کوآر ٹی سی کے ہڑتالی ملازمین کی جانب سے ریاست کے تمام ڈپوز پر دھرنے اور ریالیوں کے پیش نظر سخت انتظامات کی ہدایت جاری کی گئی ہیں۔ ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ مسٹر پی اجئے کمار نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ عہدیداروں سے رابطہ قائم کرتے ہوئے کہا کہ وہ 10 اکٹوبر کو بسوں کی تعداد میں اضافہ کے اقدامات کریں اور عوام کو کسی قسم کی تکالیف کا سامنا نہ کرنا پڑے اس سلسلہ میں خصوصی بندوبست کیا جائے ۔ بتایاجاتا ہے کہ حکومت کی جانب سے محکمہ پولیس کو بھی اس بات کی ہدایت دی گئی ہے کہ ریاست کے تمام ڈپوز پر الرٹ رہیں کیونکہ ملازمین کی جانب سے ڈپوز کے گھیراؤ‘ دھرنا اور ریالیوں کے اہتمام کا اعلان کیا ہے جس کے سبب نظم و ضبط کی صورتحال کو خطرہ پیدا ہونے کے خدشات ہیں۔ذرائع کے بموجب ریاستی حکومت کی جانب سے محکمہ پولیس کو الرٹ رہنے کے علاوہ صبح کی اولین ساعتوں میں یونین قائدین کو حراست میں لینے اور انہیں شہر کے باہر کسی پولیس اسٹیشن میں منتقل کرتے ہوئے ان کو احتیاطی طور پر محروس رکھنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں علاوہ ازیں بسوں کی سیکیوریٹی میں بھی اضافہ کیا جا رہاہے۔
پوسٹل ڈپارٹمنٹ کے ڈاک سیوا ایوارڈز
حیدرآباد۔/9 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) انڈین پوسٹل ڈپارٹمنٹ نے ڈاک سیوا ایوارڈز کی تقریب منعقد کی۔ اس موقع پر بریگیڈیرچندر شیکھر نے ایوارڈ حاصل کرنے والے افراد کو تہنیت پیش کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی۔ محکمہ ڈاک 165 سال سے ہندوستان میں مسلسل اپنی خدمات انجام دیتا رہا ہے۔ ملک بھر میں ایک لاکھ 55 ہزار ڈاک خانے ہیں جہاں 5 لاکھ سے زیادہ ملازمین کام کرتے ہیں۔