آر ٹی سی ہڑتالی ملازمین کی گورنر سے ملاقات

   

ہڑتال کرنے کی وجوہات اور حکومت کی بے اعتنائی کی شکایت
حیدرآباد۔10اکٹوبر(سیاست نیوز) آر ٹی سی ہڑتالی ملازمین نے گورنر تلنگانہ ڈاکٹر تمیلی سائی سوندرا راجن سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں ہڑتال کی وجوہات اور حکومت کی جانب سے اختیار کئے جانے والے موقف سے واقف کروایا اور کہا کہ حکومت آر ٹی سی کو خانگیاتے ہوئے بدعنوانیوں کے فروغ کیلئے کوشاں ہے اسی لئے آر ٹی سی ملازمین نے اپنے ادارہ کو بچانے کیلئے ہڑتال شروع کی ہے اور ہڑتال کا سلسلہ آر ٹی سی کو ریاستی حکومت میں ضم کرنے تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گورنر سے ملاقات کے بعد آر ٹی سی ملازمین کی تنظیموں کے قائدین نے ذرائع ابلاغ کے نمائندو ںسے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ظالمانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے قانون کے دائرہ میں جدوجہد کرنے والے ملازمین کے خلاف کاروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے انہیں دھمکایا جارہا ہے۔ آر ٹی سی ملازمین نے گورنر سے ملاقات کے دوران بتایا کہ ان کی جانب سے عوام کے لئے کوئی دشواریاں پیدا نہیں کی جا رہی ہیں بلکہ ہڑتال کے باوجود بھی اگر کہیں بسیں چلائی جا رہی ہیں تو کوئی رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش نہیں کی گئی جو کہ عوام کو تکالیف میں مبتلاء ہونے سے روکنے کی سمت اہم قدم ہے۔آر ٹی سی ملازمین جے اے سی قائدین نے گورنر تلنگانہ ڈاکٹر تمیلی سائی سوندرا راجن سے خواہش کی کہ وہ اس معاملہ میں مداخلت کریں اور حکومت سے اس سلسلہ میں رپورٹ طلب کی جائے۔