آر ٹی سی ہڑتال : حکومت و ملازمین مذاکرات کی میز پر آئیں

,

   

تلنگانہ ہائیکورٹ کی ہدایت ۔ تعطل کی وجہ سے عوام کی مشکلات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔ آج مزید سماعت
حیدرآباد 15 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) تلنگانہ ہائیکورٹ نے ریاستی حکومت اور آر ٹی سی ہڑتالی ملازمین کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اختلافات کی یکسوئی کیلئے بات چیت کی میز پر آئیں اور قابل قبول حل دریافت کیا جائے ۔ چیف جسٹس راگھویندرا ایس چوہان اور جسٹس اے ابھیشیک ریڈی پر مشتمل بنچ پر آج ملازمین کی درخواست پر سماعت ہوئی ۔ بنچ نے کہا کہ حکومت و ملازمین کے مابین تعطل کے نتیجہ میں عوام کو مشکلات ہو رہی ہیں۔ عدالت نے کہا کہ حکومت ہڑتال کی وجہ سے عوام کو مشکلات کو نظر انداز نہیں کرسکتی ۔ چیف جسٹس نے حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ کارپوریشن کیلئے مستقل مینیجنگ ڈائرکٹر کا تقرر عمل میں لائے تاکہ ورکرس کے ساتھ بات چیت کا آغاز ہوسکے ۔ اس کے علاوہ انہوں نے اس خیال کا اظہار بھی کیا کہ جاریہ بحران کو صنعتی تنازعات قانون کے تحت حل کیا جائے ۔ مقدمہ کی سماعت کو کل تک کیلئے ملتوی کردیا گیا۔ ہائی کورٹ نے آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال سے عوام کو تکالیف پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت یہ دعوی کرتی ہے کہ وہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت کام کر رہی ہے ‘عدالت نے استفسار کیا کہ آیا آر ٹی سی ملازمین عوام میں شمار نہیںہوتے ! حکومت کے وکیل نے بتایا کہ حکومت نے ہڑتال سے نمٹنے مؤثر انتظامات کئے ہیں جس پر ملازمین کے وکیل نے کہاکہ ناتجربہ کار ڈرائیور س سے حادثات ہورہے ہیں علاوہ ازیں ملازمین کو برطرف قرار دیئے جانے سے ملازمین خودکشی کر رہے ہیں۔ ملازمین نے عدالت کو واقف کروایا کہ ملازمین نے کئی ماہ قبل حکومت کو ہڑتال کی نوٹس دیدی تھی لیکن حکومت نے خاموشی اختیار کرکے مسئلہ کو نظر انداز کرنے کی کوشش کی جس پر حکومت کے وکیل نے بتایا کہ آر ٹی سی میں مستقل منیجنگ ڈائرکٹر نہ ہونے سے یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے لیکن حکومت نے ملازمین سے بات چیت کا عمل شروع کیا تھا ۔ عدالت نے بات چیت کے عمل کی مکمل تفصیلات عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے استفسار کیا کہ ہڑتال کو روکنے حکومت سے کیا اقدامات کئے گئے ۔ درخواست گذار کے وکیل نے کہا کہ حکومت سے یہ دعوی کیا جا رہا ہے کہ معمول کے مطابق بسیں چلائی جا رہی ہیں اور بہتر انداز میں متبادل انتظامات کئے گئے ہیں ۔ دوسری جانب تعلیمی اداروں کو دسہرہ تعطیلات میں حکومت نے آر ٹی سی ہڑتال کی بنیاد پر توسیع کا فیصلہ کیا اس سے پتہ چلتا ہے کہ حکومت اپنی ناکامیوں کی پردہ پوشی کر رہی ہے۔ عدالت نے ملازمین اور حکومت کے درمیان مذاکرات کے متعلق بھی دریافت کیا ۔ عدالت نے مقدمہ کی سماعت کو 16 اکٹوبر تک ملتوی کردیا حکومت کی جانب سے مذاکرات کے پہلو اور تفصیلات جمع کروانے کی ہدایت دی۔