آر ٹی سی ہڑتال سے تاجرین کو یومیہ کروڑہا روپیوں کا نقصان

   

تجارتی موسم متاثر ، اضلاع کے عوام کی آمد و رفت مسدود ، شادیوں کے موسم میں بھی تجارتی مندی متوقع
حیدرآباد۔31اکٹوبر(سیاست نیوز) تلنگانہ میں جاری بس ہڑتال سے ریاست بالخصوص شہر حیدرآباد کے تاجرین شدید متاثر ہونے لگے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ شہر کے بازاروں میں موجود تاجرین کو یومیہ کروڑہا روپئے کے نقصان برداشت کرنے پڑرہے ہیں۔ریاست میں 5اکٹوبر سے جاری ہڑتال کو ختم کروانے کی کوشش نہ کئے جانے کے منفی اثرات تاجرین پر مرتب ہونے لگے ہیں اور دو اہم تجارتی موسم ان کے خراب ہوچکے ہیں کیونکہ اضلاع کی بسوں سے شہر پہنچ کر خریداری کرنے والوں کی بڑی تعداد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اسی لئے وہ شہر کا رخ نہیں کر رہے ہیں۔دسہرہ کے دوران شہر حیدرآباد کے تاجرین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ دسہرہ کے تجارتی موسم کے آغاز کے ساتھ ہی بس کی ہڑتال شروع ہوگئی جس کے سبب اضلاع کے تاجرین جو شہر سے اشیاء خرید کر اضلاع کو لے جاتے ہیں وہ شہر نہیں پہنچے بلکہ شہر سے جو سامان بھجوایا جاتا تھا بسوں کے ذریعہ وہ بھی ان تک نہیں پہنچایاجاسکا لیکن اس کے بعد دیوالی کے دوران کچھ بسوں کی آمد و رفت کے سبب صورتحال کچھ حد تک بہتر ہوتی نظر آرہی تھی لیکن معمول کے مطابق بس سہولت نہ ملنے اور بسوں میں اژدھام کے سبب تجارتی مندی کا سلسلہ جاری رہا اور شہر پہنچنے والے گاہک نے ضرورت کے مطابق ہی اشیاء کی خریداری پر توجہ مرکوز کی ۔اب جبکہ شادیوں کا موسم شروع ہوچکا ہے تب بھی بسوں کی ہڑتال کے سبب تجارتی مندی برقرار ہے۔