مطالبات پر غور کیلئے کمیٹی کی تشکیل ۔ ریاستی کابینہ کے فیصلے
حیدرآبادیکم اکٹوبر (سیا ست نیوز)تلنگانہ کابینہ نے آر ٹی سی ملازمین سے اپیل کی کہ وہ ہڑتال سے دستبرداری اختیار کریں اور عوام کو تہوار کے موسم میں تکالیف کا شکار نہ کریں۔ کابینہ اجلاس کے دوران کئی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا جن میں آر ٹی سی ملازمین کے مطالبات کا جائزہ لینے کمیٹی کی تشکیل کے علاوہ مستقل ذیلی کابینی کمیٹیوں کی تشکیل کا فیصلہ شامل ہے۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے صدارت کی ۔ اجلاس میں آر ٹی سی ملازمین کے مطالبات پر تبادلہ ٔ خیال ہوا اور حکومت نے کہا کہ آر ٹی سی مفادات اور آر ٹی سی کا تحفظ حکومت کی ترجیحات ہے اسی لئے حکومت ملازمین سے اپیل کرتی ہے کہ آر ٹی سی کو مزید نقصان میں مبتلا کرنے کی بجائے تین آئی اے ایس عہدیداروں پر مشتمل کمیٹی سے مذاکرات کرکے مطالبات پیش کریں۔ کابینہ نے مسٹر سومیش کمار کی زیر صدارت مسٹر راما کرشنا راؤ اور مسٹر سنیل شرما پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے کر انہیں ہدایت دی کہ وہ آر ٹی سی ملازمین سے مذاکرات کریں اور جلد رپورٹ پیش کریں۔ علاوہ ازیں کمیٹی نے 8مستقل کابینی ذیلی کمیٹیوں کی تشکیل کا فیصلہ کیا جن میں ایٹالہ راجندر کی زیر صدارت میڈیکل اینڈ ہیلت کمیٹی ‘ ای دیاکر راؤ کی زیرصدارت دیہی صفائی کمیٹی ‘ کے ٹی راما راؤ کی صدارت میں شہری صفائی کمیٹی‘ ہریش راؤ کی زیر صدارت وسائل جمع کرنے کمیٹی ‘ اندرا کرن ریڈی کی صدارت میں گرینری کمیٹی ‘ نرنجن ریڈی کی صدارت میں زرعی ذیلی کمیٹی ‘ سرینواس یادو کی صدارت میں پولٹری کمیٹی کے علاوہ کے ایشور کی صدارت میں ویلفیر کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں سیکریٹریٹ کے انہدام پر ہائی کورٹ کے حکم التواء ‘ محکمہ مال کے نئے قوانین کے علاوہ دیگر امور پر بھی تبادلۂ خیال کئے جانے کی اطلاعات ہیں ۔
آرٹی سی ملازمین کی 5 اکٹوبر سے غیر معینہ مدت کی ہڑتال
تمام یونینوں سے ہڑتال کو کامیاب بنانے کی اپیل ۔ جے اے سی کنوینر کا خطاب
حیدرآباد ۔ یکم / اکٹوبر (سیاست نیوز) ٹی ایس آر ٹی سی ملازمین یونینوں پر مشتمل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے زیراہتمام تلنگانہ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کو حکومت میں ضم کرنے تک ٹی ایس آر ٹی سی ملازمین کی غیر معینہ مدت کی ہڑتال /5 اکٹوبر سے جاری رہیگی ۔ ٹی ایس آر ٹی سی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کنوینر مسٹر اشوا دھاما ریڈی نے ملازمین کو درپیش مختلف مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کے مطالبہ پر منظم کردہ اجتماعی بھوک ہڑتال سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی وجہ سے آر ٹی سی کو نقصانات کا سامنا ہے ۔ حکومت سے مختلف رعایتوں کے عوض آر ٹی سی کو حکومت کروڑہا روپئے واجب الادا ہے اور ان کی عاجلانہ ادائیگی کی جانی چاہئے ۔ علاوہ ازیں کارپوریشن ملازمین کے مسائل بالخصوص تنخواہوں پر نظرثانی ، ملازمت کا تحفظ فراہم کرنے عاجلانہ اقدامات کا مطالبہ کیا ۔ مسٹر اشوادھاماریڈی نے ٹی آیس آر ٹی سی ملازمین سے /5 اکٹوبر سے شروع کی جانے والی بھوک ہڑتال کیلئے ابھی سے ذہن بنانے اور ہڑتال میں حصہ لے کر مطالبات کی یکسوئی تک ہڑتال جاری رکھتے ہوئے کامیاب بنانے کی اپیل کی اور حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے دھمکیوں سے خوف زدہ نہ ہونے کی تمام ملازمین سے خواہش کی ۔ انہوں نے بلاتخصیص یونین وابستگی دیرینہ مطالبات کی یکسوئی اور مفادات کا مکمل تحفظ کرنے غیر معینہ مدت کی ہڑتال کو کامیاب بنانے ملازمین سے متحد ہوجانے کی اپیل کی ۔ مسٹر ریڈی نے بتایا کہ ملازمین کے منصفانہ مطالبات کے حصول کیلئے بس ہڑتال میں حصہ لینے والے تمام ملازمین کی مختلف عوامی تنظیموں اور تمام سیاسی جماعتوں اور یونینوں سے بھرپور تائید کی اپیل کی ۔