حکومت اور ملازمین کی یونین کو نوٹسوں کی اجرائی
حیدرآباد۔21 ۔ اکٹوبر(سیاست نیوز) آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کے مسئلہ پر ہائی کورٹ میں مزید تین درخواستیں داخل ہوئی ہیں۔ عدالت نے درخواستوں کو سماعت کیلئے قبول کرتے ہوئے حکومت اور آر ٹی سی ملازمین کی یونینوں کو نوٹس جاری کی ہے ۔ تمام درخواستوں کی 28 اکتوبر کو ایک ساتھ سماعت کی جائے گی ۔ ہڑتال کے آغاز کے 17 دن گزرنے کے باوجود حکومت کی جانب سے کوئی مثبت ردعمل کا اظہار نہیں کیا گیا جس سے ملازمین میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ آر ٹی سی جے اے سی نے حکومت پر دباؤ بنانے کیلئے ہڑتال میں شدت پیدا کرنے کا اعلان کیا ۔ آر ٹی سی جے اے سی کے قائدین گورنر ٹی سوندرا راجن سے مداخلت کی اپیل کر رہے ہیں۔ اسی دوران آر ٹی سی جے اے سی نے مہاتما گاندھی بس اسٹیشن پر دھرنا منظم کیا جس میں جے اے سی قائدین کے علاوہ آر ٹی سی ملازمین اپنے افراد خاندان کے ساتھ شریک تھے۔ تلنگانہ جنا سمیتی کے صدر پروفیسر کودنڈا رام ، سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی اور کانگریس کے سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے شرکت کی اور اظہار یگانگت کیا ۔ پروفیسر کودنڈا رام نے کہا کہ حکومت کا رویہ غیر انسانی ہے اور تمام جماعتیں مسائل کی یکسوئی تک اپنا احتجاج جاری رکھیں گی۔