آر ٹی سی ہڑتال کا جائزہ لینے عنقریب کمیٹی کی تشکیل

   

سپریم کورٹ کے سابق ججس قیادت کریں گے ، تلنگانہ ہائی کورٹ کا اہم فیصلہ
حیدرآباد۔12نومبر(سیاست نیوز) ریاست میں جاری آرٹی سی ہڑتال کا جائزہ لیتے ہوئے اس کی یکسوئی کے سلسلہ میں اقدامات کو یقینی بنانے کیلئے تلنگانہ ہائی کورٹ نے اہم ترین فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ جلد سپریم کو رٹ کے سابق ججس پر مشتمل تین رکنی کمیٹی کی تشکیل عمل میں لائے گی ۔ عدالت نے ایڈوکیٹ جنرل کو ہدایت دی کہ وہ اس معاملہ میں حکومت کے موقف کو 13نومبر تک عدالت کے سامنے پیش کریں اور جواب داخل کریں کہ حکومت کا اس مسئلہ پر کیا موقف ہے۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے واضح کیا کہ عدالت کی جانب سے ملازمین کی ہڑتا ل کو غیر قانونی قرار دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کیونکہ یہ عدالت کے دائرہ کارمیں نہیں ہے اور عدالت وہی فیصلہ سنائے گی جو عدالت کے دائرہ کار میں آتا ہے ۔ حکومت کی جانب سے عدالت میں پیش ہونے والے وکیل نے عدالت کو اس بات سے واقف کروایا کہ ریاست آندھرا پردیش میں سابق میں آر ٹی سی ملازمین پر ایسما کے تحت کاروائی کی جاچکی ہے اور اب بھی حکومت کی جانب سے وہی کیا جارہا ہے جو سابق میں کیا گیا تھا۔ عدالت نے اس موقف پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نے کہا کہ عدالت میں کوئی کہہ رہا ہے کہ بات چیت جاری ہے ‘ کوئی کہہ رہا ہے ہڑتال ختم کرواؤ اور کوئی کہہ رہا ہے ایسما نافذ ہے۔عدالت نے حکومت کی پیروی کرنے والے وکیل سے دریافت کیا کہ آیا حکومت آندھراپردیش کے سابق سرکاری احکام پر بھی عمل کیا جائے گا!وکیل نے عدالت کو بتایا تھا کہ 1998 میں ہی ایسماکے نفاذ کے سلسلہ سرکاری احکام جاری کرتے ہوئے ہڑتال پر پابندی عائد کی جاچکی ہے جس پر عدالت نے کہا کہ وہ احکام آندھرا پردیش روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے لئے تھے۔عدالت نے واضح کیا کہ اب عدالت حکومت یا آرٹی سی انتظامیہ کو بات چیت کی ہدایت بھی نہیں دے گی بلکہ اب سخت فیصلہ کرے گی۔ تلنگانہ ہائی کورٹ میں جاری سماعت کے دوران عدالت نے آرٹی سی کی روٹس کو خانگیانے کے فیصلہ پر سے حکم التواء برخواست کرنے کے سلسلہ میں کی گئی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے حکومت کے سینیئر کونسل کو ہدایت دی کہ وہ تلنگانہ ہائی کورٹ کی سابق سپریم کورٹ کے ججس پر مشتمل کمیٹی کے قیام کے سلسلہ میں تیار کی گئی تجویز پر کال ردعمل کے ساتھ عدالت میں حاضر ہوں پھر مسئلہ کے حل کے سلسلہ میں غور کیا جائے گا۔عدالت نے آرٹی سی ہڑتال ‘ خانگیانے کے علاوہ تنخواہوں کی اجرائی کے سلسلہ میں جاری مقدمات کو 13نومبر تک کیلئے ملتوی کردیا ۔