آر ٹی سی ہڑتال کو لوک سبھا میں موضوع بحث بنانے کا اعلان

   

بی جے پی رکن پارلیمنٹ بی سنجے کا بیان
حیدرآباد ۔ 18 ۔ نومبر (سیاست نیوز) بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ بی سنجے نے کہا کہ لوک سبھا اجلاس میں آر ٹی سی ملازمین کے مسائل کو پیش کیا جا ئے گا۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی ہڑتال کے سبب نہ صرف عوام بلکہ آر ٹی سی ملازمین مختلف مسائل کا شکار ہے اور حکومت مذاکرات کیلئے تیار نہیں۔ لوک سبھا کو آر ٹی سی ہڑتال سے پیدا شدہ صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا اور مرکز سے نمائندگی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کے رویہ کے نتیجہ میں ہزاروں آر ٹی سی ملازمین کے خاندان سڑک پر آچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین کی خودکشی کے واقعات کے باوجود حکومت کا ہٹ دھرمی کا رویہ افسوسناک ہے ۔ بی سنجے نے کہا کہ آر ٹی سی کو مرکز کی منظوری کے بغیر خانگی شعبہ کے حوالہ نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز ی حکومت ترقیاتی اسکیمات کیلئے تلنگانہ کو جو رقومات جاری کر رہی ہے ، اسے دیگر اسکیمات میں منتقل کیا جارہا ہے ۔ سنجے نے کہا کہ جس محکمہ کو مرکز نے رقم الاٹ کی ، اسی محکمہ کی جانب سے خرچ کرنے کے بجائے دیگر محکمہ جات کو رقم منتقل کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں عوام کو درپیش مسائل لوک سبھا میں پیش کئے جائیں گے۔