آر ٹی سی ہڑتال کی تائید میں آج کانگریس کا پرگتی بھون گھیراؤ

   

کے سی آر پر انتقامی رویہ کا الزام ، محمد علی شبیر کی قیام گاہ پر اجلاس ، ریونت ریڈی ، وینکٹ ریڈی اور دوسروں کی شرکت
حیدرآباد ۔ 20 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : آر ٹی سی ملازمین کے مطالبات کی یکسوئی میں ناکامی کے خلاف کانگریس پارٹی نے کل 21 اکٹوبر کو چیف منسٹر کے سی آر کی سرکاری قیام گاہ پرگتی بھون کے گھیراو کا اعلان کیا ہے ۔ آر ٹی سی ملازمین 3 اکٹوبر سے ہڑتال پر ہیں ۔ کانگریس نے حکومت کو 19 اکٹوبر کی مہلت دی تھی ۔ پیر کے دن پرگتی بھون کے گھیراؤ کو کامیاب بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر تیاریاں کی جارہی ہیں۔ اسی دوران آج سابق وزیر محمد علی شبیر کی قیام گاہ پر سنئیر پارلیمنٹ قائدین کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ارکان پارلیمنٹ اے ریونت ریڈی ، کومٹ ریڈی ، راج گوپال ریڈی ، اے آئی سی سی رکن دیاساگر اور دوسروں نے شرکت کی ۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کانگریس قائدین نے کے سی آر پر ہٹ دھرمی کا رویہ اختیار کرنے کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہڑتالی ملازمین سے بات چیت کرنے ہائی کورٹ کی ہدایت کو بھی بے خاطر کردیا گیا ۔ قائدین نے کہا کہ ایک چیف منسٹر کس طرح عدلیہ کی عدول حکمی کرسکتے ہیں ۔ عدالت نے ایک ہفتہ قبل حکومت کو آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائرکٹر کے تقرر کی ہدایت دی تھی ۔ لیکن آج تک تقرر نہیں کیا گیا ۔ کے سی آر جمہوریت کے بجائے ڈکٹیٹر شپ طرز حکمرانی پر گامزن ہیں ۔ محمد علی شبیر نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر خود کو قانون سے بالاتر تصور کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے عاملہ کی اہمیت میں کمی کرتے ہوئے اہم مسائل پر عہدیداروں سے مشاورت بند کردی ہے ۔ اب وہ عدلیہ کو نشانہ بنا رہے ہیں ۔ ریاست کی صورتحال سنگین ہوچکی ہے ۔ ایسے میں جمہوریت کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو ہڑتال کے سبب عوامی مشکلات کی کوئی فکر نہیں ۔ آر ٹی سی ملازمین کے مطالبات قبول کرنے کے بجائے ان کے ساتھ انتقامی کارروائی کی جارہی ہے ۔ کانگریس پارٹی مطالبات کی یکسوئی تک آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کی تائید جاری رکھے گی ۔ محمد علی شبیر نے کانگریس کارکنوں اور قائدین سے پرگتی بھون کے گھیراؤ میں بڑی تعداد میں شرکت کی اپیل کی ۔۔