آر ٹی سی ہڑتال کے سی آر کے غرور اور ملازمین کی عزت نفس کی جنگ

   

رکن کونسل جیون ریڈی کا ریمارکس، ملازمین کی اموات پر اظہار افسوس
حیدرآباد ۔ 6 ۔ نومبر (سیاست نیوز) کانگریس رکن کونسل ٹی جیون ریڈی نے کہا کہ کیا آر ٹی سی ہڑتال دراصل کے سی آر کے غرور و تکبر اور آر ٹی سی ملازمین کی عزت نفس کے درمیان جنگ کی طرح ہیں ۔ جیون ریڈی نے آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال سے اظہار یگانگت کرتے ہوئے احتجاج میں حصہ لیا ۔ انہوں نے آر ٹی سی جے اے سی قائدین کی گر فتاری کی مذمت کی اور قائدین سے ملاقات کی ۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جیون ریڈی نے کہا کہ حکومت ہڑتال کو ناکام بنانے کیلئے طرح طرح کے حربے استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کی دھمکیوں کا احتجاجی ملازمین پر کوئی اثر نہیں پڑے گا کیونکہ گزشتہ ایک ماہ سے وہ اپنے جائز مطالبات کے لئے دشواریوں کا سامنا کر رہے ہیں ۔ جیون ریڈی نے کہا کہ عوامی احتجاج کو طاقت کے ذریعہ ناکام نہیں کیا جاسکتا۔ آر ٹی سی ملازمین نے دستوری حق کا استعمال کرتے ہوئے ہڑتال شروع کئے ہیں۔ جیون ریڈی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ آر ٹی سی کے انضمام کو چھوڑ کر دیگر مطالبات پر یونین کے قائدین سے بات چیت کا آغاز کریں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کا حلف لیتے وقت کے سی آر نے تمام طبقات کے ساتھ یکساں سلوک کرنے اور جانبداری سے کام نہ لینے کا عہد کیا تھا لیکن افسوس کہ وہ آر ٹی سی ملازمین کو دشمن تصور کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کرپشن سے پاک آر ٹی سی کو بند کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں تاکہ خانگی افراد کو نئے روٹس کی منظوری دی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو آر ٹی سی کے نقصانات سے زیادہ اثاثہ جات کی فکر ہے۔ تاکہ خانگیانے کی صورت میں اپنے قریبی افراد میں تقسیم کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اپوزیشن پارٹیاں آر ٹی سی ملازمین کے ساتھ احتجاج میں شامل ہیں۔