آزادانہ اور پرامن انتخابات کا انعقاد مبصرین کی ذمہ داری

   

وارڈ سطح پر ووٹر لسٹ کی تیاری، مبصر ین کے اجلاس سے الیکشن کمشنر پارتھا سارتھی کا خطاب
حیدرآباد: اسٹیٹ الیکشن کمشنر سی پارتھا سارتھی نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد بلدی انتخابات کے آزادانہ اور منصفانہ انعقاد میں انتخابی مبصرین کا اہم رول ہوتا ہے۔ انہیں انتخابی قواعد پر سختی سے عمل آوری کرنی چاہئے ۔ پارتھا سارتھی بلدی انتخابات کے مبصرین اور عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے 6 زونس اور 30 سرکلس کے تحت 150 وارڈس میں انتخابات منعقد ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مبصرین دراصل الیکشن کمیشن کے آنکھ اور کان کی طرح ہیں اور ان کی ذمہ داری ہے کہ الیکشن کمیشن کے قواعد کے مطابق انتخابات کو یقینی بنائیں۔ انتخابی مبصر کی حیثیت سے الیکشن کمیشن کے نمائندہ کے طور پر انہیں نتائج کے اعلان تک ذمہ داری نبھانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فہرست رائے دہندگان کو قطعیت دی جاچکی ہے اور وارڈس کی سطح پر فہرست رائے دہندگان بہت جلد تیار ہوجائے گی۔ ہر رائے دہندہ کو ووٹر سلپ فراہم کی جائے اور سیاسی جماعتوں کے انتخابی نشان کے بغیر ووٹر سلپ ہونی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں کے بارے میں پولیس کو اطلاع کردی گئی ہے۔ 9238 پولنگ مراکز کی عبوری طور پر نشاندہی کی گئی اور 21 نومبر کو قطعی تعداد کا اعلان کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل کیا جائے اور عوام کو پوسٹل بیالٹ کے استعمال سے واقف کرایا جائے ۔ پارتھا سارتھی نے کہا کہ انتخابی مہم اور رائے دہی کا عمل پرامن انداز سے مکمل کرنے کی مساعی کی جانی چاہئے ۔ جی ایچ ایم سی کمشنر لوکیش کمار نے کہا کہ مبصرین اور عہدیداروں کو تمام سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ اجلاس میں ایل بی نگر زون کے مبصر اے شری دیواسن، چارمینار زون کے مبصر سریدھر ، خیریت آباد زون کے مبصر کے مانک راج ، شیر لنگم پلی کے مبصر پریتی مینا کے علاوہ کوکٹ پلی ، سکندرآباد کے مبصرین ایم پرشانت اور مسرت خانم نے شرکت کی۔