تلنگانہ میں 3.39 کروڑ رائے دہندے، رویندرا بھارتی میں نیشنل ووٹرس ڈے تقریب، چیف الیکٹورل آفیسر کا خطاب
حیدرآباد۔ 25 جنوری (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ جشنودیو ورما نے کہا کہ ذمہ دارانہ رائے دہی کے ذریعہ ملک میں جمہوریت کو مستحکم کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ رائے دہی کے حق سے استفادہ کے لئے سرگرم رول ادا کریں کیونکہ جمہوری اداروں کا استحکام رائے دہندوں کے انتخابی عمل میں حصہ لینے پر منحصر ہے۔ گورنر آج 16 ویں نیشنل ووٹرس ڈے کے موقع پر رویندرا بھارتی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ ووٹرس ڈے تقریب کا عنوان ’’مائی انڈیا مائی ووٹ‘‘ رکھا گیا تھا۔ تقریب کے انعقاد کا مقصد عوام میں رائے دہی سے متعلق شعور بیداری ہے۔ ملک بھر میں ہر سال 25 جنوری کو نیشنل ووٹرس ڈے منایا جاتا ہے۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ملک بھر میں تقاریب کا اہتمام کیا۔ گورنر نے دستور کی دفعہ 324 کا حوالہ دیا اور کہا کہ آزادانہ اور منصفانہ رائے دہی یقینی بنانے کے لئے الیکشن کمیشن آف انڈیا کا غیر جانبدارانہ رول ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی اور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر نے جمہوری نظام کو مستحکم کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا تھا۔ گورنر نے تلنگانہ میں انتخابی عمل کے شفاف طریقہ سے انعقاد کی ستائش کی۔ انہوں نے عوام میں شعور بیداری کے علاوہ پولنگ اسٹیشنوں پر بہتر سہولتوں کی فراہمی مستحق رائے دہندوں کو گھر پر ووٹ دینے کی سہولت اور عصری ٹیکنالوجی کے استعمال کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ کے موثر اور پرامن انعقاد میں عہدیداروں کا رول قابل ستائش ہے۔ انہوں نے لا اینڈ آرڈر کی برقراری کے لئے پولیس کی مساعی اور ڈرون کے ذریعہ نگرانی کا حوالہ دیا۔ چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ سی سدرشن ریڈی نے فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت اور تیاری سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں 33 اضلاع کے 119 اسمبلی حلقہ جات میں رائے دہندوں کی تعداد 3.39 کروڑ ہے۔ پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد 35895 ہے۔ رائے دہندوں میں 1.68 کروڑ مرد، 1.70 کروڑ خواتین اور 2890 ٹرانسجنڈرس ہے۔ گزشتہ سال کے مقابلہ رائے دہندوں کی تعداد میں 3.93 لاکھ کا اضافہ ہوا ہے۔ سدرشن ریڈی نے کہا کہ نوجوان ووٹرس اور سینئر سٹیزنس کی تعداد میں حوصلہ افزاء اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کا مقصد حقیقی رائے دہندوں کے نام حذف کرنا نہیں ہے بلکہ ایک سے زائد ناموں اور نااہل انٹریز کو فہرست سے خارج کرنا ہے۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے شفافیت کے ساتھ فہرست کی تیاری کو یقینی بنانے کے لئے اصلاحات نافذ کئے ہیں۔ نیشنل ووٹرس ڈے تقریب میں اسٹیٹ الیکشن کمشنر شریمتی آئی رانی کمودنی آئی اے ایس، ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر وی وینکٹیشور ریڈی، کمشنر جی ایچ ایم سی و ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر حیدرآباد آر وی کرنن، ڈپٹی چیف الیکٹورل آفیسر ہری سنگھ اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ضلع کلکٹرس اور دیگر عہدیداروں کو شفافیت کے ساتھ انتخابی عمل مکمل کرنے پر ایوارڈس پیش کئے گئے۔ 1