آزادی کا پھل عوام کے تمام طبقات کو ملنا چاہئے ، مساوات کو بنیادی اہمیت

   

ملک کو آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی تقاریب ، محبوب نگر میں ریاستی وزیر سرینواس گوڑ و دیگر کا خطاب

محبوب نگر ۔ آزادی کے پھل عوام کے تمام طبقات کو ملنا چاہئے ۔ سماج میں سادات کو بنیادی اہمیت حاصل ہے ۔ عدم مساوات کے خاتمہ سے ہی معیاری سماج کا قیام ممکن ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر آبکاری وی سرینواس گوڑ نے آج ڈائمنڈ جوبلی ( ملک کی آزادی کے 75 سال کی تکمیل ) کے موقع پر ضلع پریشد گراؤنڈ تا گورنمنٹ بی ایڈ کالج ’’ فریڈم رن ‘‘ کو ہری جھنڈی دکھاکر آغاز کرتے ہوئے کیا ۔ فریڈم رن میں پانچ ہزار ملازمین ، نوجوان ، طلباء اور تلنگانہ کے جہدکار ، پولیس و دیگر شامل تھے ۔ بی ایڈ کالج گراؤنڈ پر منعقدہ جلسہ عام کو مخاطب کرتے ہوئے ریاستی وزیر نے مجاہدین آزادی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ہمارے بڑے مجاہدین کی بڑی قربانیوں کا نتیجہ ہے کہ ہم آج آزاد ملک میں سانس لے رہے ہیں ۔ ان کے خوابوں کی تکممیل پر ہر فرد کی ذمہ داری ہے اور ان کے خوابوں کو پورا کرکے ہی ان کو حقیقی خراج عقیدت پیش کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 300 کروڑ روپئے کے صرفہ سے موجودہ ( قدیم ) کلکٹریٹ کی جگہ پر عنقریب سوپر اسپیشالٹی ہاسپٹل کی تعمیر کا آغاز کیا جارہا ہے ۔ نوجوانوں کو اپنے مقام پر ہی روزگار کی فراہمی کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ یہ فریڈم رن ضلع پریشد گراؤنڈ سے ہوتا ہوا آر اینڈ بی چوراہا ،نیو ٹاون ، گورنمنٹ ہاسپٹل مٹوگوڑہ سے بی ایڈ کالج پہونچ کر جلسہ عام میں تبدیل ہوگیا ۔ ریالی میں طلباء و نوجوانوں نے بڑے پیمانے پر شرکت کرتے ہوئے ملک سے محبت کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر وینکٹ راؤ ضلع ایس پی آر وینکٹیشورلو ، ایڈیشنل کلکٹرس یتجس نندلال پوار ، ستیاراما راؤ ، میونسپل چیرمین نرسمہلو ، موڈا چیرمین جی وینکنا ضلع عہدیداران عوامی نمائندے و دیگر موجود تھے ۔