آزادی کی توہین پر موہن بھاگوت کیخلاف کارروائی کی جائے: ریونت ریڈی

   

جدوجہد آزادی سے آر ایس ایس کا کوئی تعلق نہیں، نریندر مودی ملک کو اپنے موقف سے واقف کرائیں، راہول گاندھی کے بیان کی تائید

حیدرآباد۔/15 جنوری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آزادی سے متعلق آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کے بیان پر سخت تنقید کی اور وزیر اعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا کہ وہ اس بات کی وضاحت کریں کہ وہ ملک کے ساتھ کھڑے ہیں یا پھر بھاگوت کے نظریات کی تائید کرتے ہیں۔ نئی دہلی میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے نئے دفتر کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ موہن بھاگوت کے بارے میں راہول گاندھی کے بیان کی وہ مکمل تائید کرتے ہیں۔ راہول گاندھی کا بیان آر ایس ایس سے نظریاتی اختلافات کو ثابت کرتا ہے۔ موہن بھاگوت نے آزادی کی لڑائی اور شہیدوں کی توہین کی ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ جدوجہد آزادی میں آر ایس ایس کا کوئی رول نہیں ہے اور نہ ہی آر ایس ایس کے کسی قائد نے ملک کیلئے اپنی جان قربان کی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ جدوجہد آزادی کو تسلیم کرنے کیلئے موہن بھاگوت تیار نہیں ہیں اور وہ مجاہدین آزادی کی قربانیوں کا اعتراف کرنے کے حق میں نہیں ہیں۔ موہن بھاگوت نے اپنے نظریہ کے مطابق بیان دیا ہے۔ واضح رہے کہ آر ایس ایس سربراہ نے کہا کہ ملک کو حقیقی آزادی رام مندر کی تعمیر کے بعد حاصل ہوئی ہے۔ چیف منسٹر نے راہول گاندھی کے بیان کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ جدوجہد آزادی سے آر ایس ایس کا کوئی تعلق نہیں رہا اور کانگریس قائدین نے اپنی جانوں کو قربان کرتے ہوئے ہندوستان کی آزادی حاصل کی ہے۔ آزادی کے نظریات کے مطابق کانگریس ملک کو چلانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدوجہد آزادی اور مجاہدین آزادی کی توہین کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیئے۔ راہول گاندھی نے موہن بھاگوت کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے اور وہ اپنے مطالبہ میں حق بجانب ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو واضح کرنا ہوگا کہ وہ کس نظریہ کے حامی ہیں آیا وہ موہن بھاگوت کے خلاف کارروائی کرتے ہیں یا پھر خود کو موہن بھاگوت کے نظریات سے ہم آہنگ کریں گے۔ چیف منسٹر نے موہن بھاگوت کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو نریندر مودی کے موقف کا انتظار ہے۔ بی جے پی کو بھارتیہ جھوٹا پارٹی قرار دیتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ بی جے پی قائدین کا کام ہی کانگریس کے خلاف جھوٹے الزامات عائد کرنا ہے۔ الزامات کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کی توہین کرنے والے افراد کے خلاف فوری کارروائی ضروری ہے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے نئے آفس کے افتتاح کا خیرمقدم کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ پارٹی کا نیا آفس عوام کیلئے ایک اہم مرکز ثابت ہوگا جہاں ان کے مسائل کی یکسوئی کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے 140 سال کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اپنا نیا آفس تعمیر کیا ہے جبکہ کئی علاقائی پارٹیوں نے اپنے نئے دفاتر قائم کرلئے ہیں۔ 40 سالہ تاریخ رکھنے والی بی جے پی اور دیگر پارٹیوں نے دہلی میں اپنے نئے دفاتر تعمیر کئے۔ کانگریس کے نئے آفس کا افتتاح ملک کے عوام کیلئے جشن کا موقع ہے۔1