پسماندہ طبقات کو ان کے حقوق ملیں گے، خصوصی قانون بنائیں گے: راہول گاندھی
نئی دہلی، 24 ستمبر (یو این آئی ) کانگریس کی اعلیٰ ترین پالیسی ساز تنظیم کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) کی آج آزادی کے بعد پہلی بار بہار کی راجدھانی پٹنہ کے صداقت آشرم میں میٹنگ منعقد ہورہی ہے ۔صداقت آشرم تحریک آزادی کے دوران کانگریس کی سرگرمیوں کا ایک بڑا مرکز تھا اور کانگریس ورکنگ کمیٹی کی آخری میٹنگ یہاں 1940 میں ہوئی تھی۔ بہار کانگریس کیلئے 24 ستمبر کا یہ دن تاریخی قرار دیا جا رہا ہے ۔ اس موقع پر کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے انتہائی پسماندہ طبقات کے تعلق سے ایک بڑا سیاسی اقدام کیا ہے۔ لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر راہول نے کہا ہے کہ اگر بہار میں عظیم اتحاد کی حکومت بنتی ہے تو درج فہرست ذات اور درج فہرست قبائل کی طرح انتہائی پسماندہ طبقات کے لوگوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے خصوصی قوانین بنائے جائیں گے۔ انھوں نے ان طبقات کی ترقی کیلئے ریزولیولیشن لیٹر جاری کیا۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے ، پارٹی کی سابق صدر سونیا گاندھی، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی، وائناڈ کی رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی اور 170 سے زیادہ دیگر سینئر کانگریسی قائدین میٹنگ میں شریک ہیں۔ کانگریس کے زیر اقتدار ہماچل پردیش کے وزیر اعلی سکھویندر سنگھ سکھو، کرناٹک کے وزیر اعلی سدارمیا، اور تلنگانہ کے وزیر اعلی ریونت ریڈی اس میٹنگ حصہ لے رہے ہیں۔کانگریس نے اس میٹنگ کیلئے جو ماحول بنایا ہے وہ 2023 میں حیدرآباد میں ہوئی میٹنگ جیسا ہی ہے جس کے بعد کانگریس نے تلنگانہ میں انتخابی کامیابی حاصل کی تھی۔ اب اسی فارمولے کو بہار میں بھی نافذ کیا جا رہا ہے ۔بہار کانگریس کے ریاستی صدر راجیش رام نے کہا ”تلنگانہ کی طرح کانگریس بہار میں بھی اقتدار کی تبدیلی لائے گی اور بی جے پی کی اصلیت کو بے نقاب کرے گی۔
راہول نے چیف الیکشن کمشنر کو پھر نشانہ بنایا
اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے چہارشنبہ کو ایک بار پھر چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو ووٹ چوری کے معاملے پر نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ وہ ان کے مشورہ پر ووٹر لسٹ کو زیادہ شفاف بنا رہے ہیں، لیکن انہیں یہ بھی بتانا چاہئے کہ وہ ووٹ چوری کرنے والوں کو کب پکڑیں گے ۔سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں راہول گاندھی نے کہا کہ گیانیش جی، ہم نے چوری پکڑی، تو آپ کو تالا لگانا یاد آیا ۔ اب چوروں کو بھی پکڑیں گے ۔ تو مجھے بتائیں، آپ سی آئی ڈی کو ثبوت کب دے رہے ہیں۔اس کے ساتھ ہی کانگریس لیڈر نے الیکشن کمیشن کے باہر کی تصویر کے ساتھ اخبار میں چھپی خبرکو بھی پوسٹ کیا ہے ، جس کا عنوان ہے راہول کے الند میں ووٹ دھاندلی کے انکشاف کے بعد، الیکشن کمیشن نے آن لائن ووٹر ڈلیشن کیلئے آدھارلنک سے منسلک فون سرویس کو لازمی قراردیا۔