آزادی کے 75ویں یوم پر بی جے پی یووا مورچہ کے دو بڑے پروگرام

,

   

۔ 15 اگست کو ادے پور سے پروگرام کا آغاز اور 17 اگست کو لداخ میں اختتام ہوگا :تیجسوی سوریہ

نئی دہلی: ملک کی آزادی کی 75 ویں سالگرہ پر ‘امرت مہوتسو’ میں بھارتیہ جنتا یووا مارچ (بی جے وائی ایم) 15 اگست کو ملک کے ہر ضلع اور 13350 تنظیمی حلقوں میں بڑے پیمانے پر قومی ترانہ گانے کا پروگرام کرے گا اور 15، 16 اور 17 اگست کو ملک کے 75 مقامات پر 75 کلومیٹر کے میراتھن اور سائیکل ریلی کا اہتمام کیا جائے گا۔بی جے پی کے جنرل سکریٹری ترون چوگھ کی موجودگی میں بی جے وائی ایم کے صدر اور رکن پارلیمنٹ تیجسوی سوریہ نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ان پروگراموں کا افتتاح 15 اگست کو راجستھان کے ادے پور میں ہوگا اور 17 اگست کو لداخ میں اختتام پذیر ہوگا۔ مسٹر سوریہ دونوں جگہوں پر ذاتی طور پر موجود رہیں گے ۔مسٹر سوریہ نے بتایا کہ آزادی کے امرت مہوتسو کے موقع پر ملک بھر میں نوجوانوں کے ذریعے مثبت ماحول پیدا کرنے کا عزم کیا گیا ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے سامنے ایک بہت بڑا وژن رکھا ہے ۔ 15 اگست 2021 سے 15 اگست 2022 تک سال بھر نوجوانوں کو متحرک کرنے ، ان میں حب الوطنی اور عقیدت کا جذبہ پیدا کرنے اور نئے ہندوستان کے کاز کو آگے بڑھانے کا تصور کیا گیا ہے ۔تیجسوی سوریہ نے کہا کہ 15 اگست کو اس سلسلے میں دو پروگرام منعقد کیے جائیں گے ۔ ملک کے ہر ضلع اور 13350 تنظیمی حلقوں میں بڑے پیمانے پر قومی ترانہ گانے کا پروگرام ہوگا اور تمام ویڈیوز بیک وقت 7.50 بجے اپ لوڈ کی جائیں گی۔ ہر ڈویژن میں 75 نوجوان ایک ساتھ مل کر شہیدوں کو یاد کرنے اور نئے ہندوستان کے عزم کے ساتھ قومی ترانہ گانے کے لیے اکٹھے ہوں گے ۔ بی جے وائی ایم کے دس لاکھ کارکن اس میں حصہ لیں گے ۔انہوں نے کہا کہ 15، 16 اور 17 اگست کو ملک میں 75 مقامات پر 75 کلومیٹر میراتھن اور سائیکل ریلی کا انعقاد کیا جائے گا۔ 10 مقامات پر پانچ کلو میٹر میراتھن دوڑ اور 15-15 کلو میٹر سائیکل ریلی ہوگی۔ کل 12 ہزار 755 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ یاترا گجرات کے ہر اسمبلی حلقہ اور کرناٹک کے 37 مقامات پر منعقد کی جائے گی۔ مدھیہ پردیش میں 292 کلومیٹر اور راجستھان میں 750 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام کسی پارٹی یا سیاسی نوعیت کا نہیں ہوگا بلکہ ملک کا پروگرام ہوگا۔مسٹر ترون چگھ نے کہا کہ جن سنگھ کے وقت سے آج تک بی جے پی نے قوم پرستی کے راستے پر چلنا قبول کیا ہے ۔ وزیر اعظم نے ہندوستان کو گندگی اور غربت سے پاک اور مستحکم بنانے کا ہدف مقرر کیا ہے ۔
انہوں نے 2047 تک آزادی کے صدی سال کے لیے اس عزم کے ساتھ کام کرنے کی ترغیب دی ہے ، یووا مورچہ اس سمت میں سرگرم کوششیں کر رہا ہے ۔