آزادی کے 75 سال بعد بھی کئی طبقات انصاف سے محروم

   


لال بہادر اسٹیڈیم میں رنگا رنگ اختتامی تقریب ، تہذیبی اور ثقافتی پروگرام، چیف منسٹر کے سی آر کا خطاب
حیدرآباد ۔22۔اگست (سیاست نیوز) آزادی کی 75 سالہ تقاریب کا آج شام لال بہادر اسٹیڈیم میں رنگا رنگ تقریب کے ذریعہ اختتام عمل میں آیا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ تلنگانہ حکومت نے آزادی کے 75 سال کی تکمیل کے موقع پر 8 تا 22 اگست تقاریب کا اہتمام کیا اور آج مختلف تہذیبی اور ثقافتی پروگراموں کے ساتھ اختتامی تقریب منعقد ہوئی ۔ شہر اور اضلاع سے ہزاروں کی تعداد میں عوام نے تقریب میں شرکت کی اور اسٹیڈیم کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا تھا ۔ تہذیبی اور ثقافتی پروگراموں میں قوالی کو بھی شامل کیا گیا جس سے عوام کافی محظوظ ہوئے۔ ریاستی وزراء ، عوامی نمائندوں کے علاوہ اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کے 75 سال مکمل ہوگئے لیکن غریبوں کے مسائل برقرار ہیں۔ آزادی سے غریب عوام نے جو توقعات وابستہ کی تھیں، وہ پوری نہیں ہوئی۔ ملک کے کئی طبقات کو اس بات کا افسوس ہے کہ آزادی کے ثمرات ان تک نہیں پہنچے اور غربت کا خاطمہ نہیں کیا جاسکا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں خاموش رہنے کے بجائے ہر شخص کو ناانصافیوں کے خاتمہ اور عوام کی خوشحالی کیلئے کام کرنا چاہئے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ جانتے بوجھتے بھی خاموش رہنا دانشوروں کی نشانی نہیں ہے۔ چیف منسٹر نے سماج کے بااثر ، تعلیم یافتہ ، دانشور اور مفکر طبقہ سے اپیل کی کہ وہ ملک کے حالات کی تبدیلی کیلئے کام کریں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مہاتما گاندھی کی تعلیمات اور ان کی قربانیوں سے موجودہ نسل کو واقف کرانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم آزادی تقاریب کے دوران حکومت نے نئی نسل کو مجاہدین آزادی کی قربانیوں اور جدوجہد آزادی کی تاریخ سے واقف کرانے کی کوشش کی ہے ۔ اس سلسلہ میں مختلف پروگرام منعقد کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ مجاہدین آزادی کی عظیم قربانیوں کے نتیجہ میں ملک کو آزادی حاصل ہوئی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تقاریب کے دوران ریاست بھر میں ایک ہی وقت میں قومی ترانے کو پڑھنے کا پروگرام منعقد کیا گیا تاکہ عوام میں حب الوطنی کے جذبہ کو فروغ دیا جائے ۔ یہ پروگرام تلنگانہ کیلئے باعث فخر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ طلبہ کیلئے فلم گاندھی کی نمائش کا مفت اہتمام کیا گیا اور 22 لاکھ بچوں نے اس فلم کو دیکھا۔ اگر 10 فیصد بچے بھی اس فلم سے متاثر ہوکر گاندھیائی نظام کو اختیار کریں تو ملک کی بھلائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو مہاتما گاندھی کی تعلیمات کی آج سخت ضرورت ہے جس میں عدم تشدد اور مساوات کی تعلیم دی گئی ہے۔ تقریب کے آغاز پر چیف منسٹر نے قومی پرچم لہرایا۔ چیف منسٹر نے مہاتما گاندھی کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے خراج پیش کیا جس کے بعد قومی ترانہ پڑھا گیا۔ تقاریب کمیٹی کے صدرنشین ڈاکٹر کیشو راؤ کی نگرانی میں انتظامات کئے گئے تھے۔ ر