حیدرآباد۔ گریٹر بلدی انتخابات میں کئی رشتہ داروں نے مقابلہ میں حصہ لیتے ہوئے خونی رشتوں کو شکست سے دوچار کرانے میں اہم رول ادا کیا ہے۔ بی این ریڈی ڈیویژن میں ٹی آر ایس امیدوار کے فرزند نے آزاد امیدوار کے طور پر مقابلہ کیا جس کے نتیجہ میں بی جے پی امیدوار ایم لچی ریڈی کو محض 32 ووٹوں سے کامیابی حاصل ہوئی۔ ٹی آر ایس سے ایم لکشمی پرسنا گوڑ امیدوار تھے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ لکشمی پرسنا گوڑ کے فرزند رنجیت گوڑ نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے مقابلہ کیا تھا جنہیں محض 39 ووٹ ملے جو اپنی والدہ کی شکست کا سبب بن گئے۔ لچی ریڈی کو 11438حاصل ہوئے جبکہ لکشمی پرسنا کو 11406 ووٹ ملے۔ اسی طرح کوکٹ پلی ڈیویژن میں ٹی آر ایس، کانگریس اور بی جے پی کے ٹکٹ پر رشتہ کے بھائیوں نے مقابلہ کیا۔ جے ستیہ نارائنا ٹی آرایس، پون کمار بی جے پی اور وشوا تیجشور نے کانگریس کے ٹکٹ پر مقابلہ کیا۔ حلقہ میں ٹی آر ایس امیدوار ستیہ نارائن کو کامیابی ملی۔ کنٹونمنٹ کے ٹی آر ایس رکن اسمبلی جی سائنا کی دختر ایل ندیتا کو کواڑی گوڑہ ڈیویژن سے شکست ہوئی ۔ سابق وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی کے داماد سرینواس ریڈی کو رام نگر، رکن اسمبلی مشیرآباد ایم گوپال کے قریبی رشتہ دار ایم پدما اور رکن اسمبلی اوپل بی سبھاش ریڈی کی اہلیہ سواپنا کو بلدی انتخابات میں مشیرآباد اور حبشی گوڑہ حلقوں سے شکست ہوئی۔