آزاد اور کھلے ہند۔ بحرالکاہل کیلئے ہند۔جاپان بحری سلامتی معاہدہ پر دستخط

   

نئی دہلی۔ 20 اگست (یو این آئی) وزیردفاع راج ناتھ سنگھ نے جمعرات کو یہاں جاپان کے دفاعی وزیر شنجیرو کوئزومی کے ساتھ وزراء دفاع کی سطح کی میٹنگ جس میں دونوں فریقوں نے آزاد اور کھلے ہند۔بحرالکاہل خطہ کیلئے دفاعی تعاون کو گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزارت دفاع نے میٹنگ کے بعد جاری کردہ مشترکہ پریس بیان میں کہا کہ دونوں وزراء نے علاقائی اور بین الاقوامی سیکوریٹی کی صورتحال پر جائزے کا تبادلہ کیا نیز جہاز رانی اور فضائی پرواز کی آزادی اور سکیورٹی میں رکاوٹ ڈالنے والے یکطرفہ اقدامات اور طاقت یا دباؤ کے ذریعے موجودہ صورتحال کو بدلنے کی کوششوں کی سخت مخالفت کی ہے ۔ راج ناتھ سنگھ نے میٹنگ کے بعد سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا، “ہند-بحرالکاہل کی استحکام کی سمت میں اہم قدم۔ نئی دہلی میں جاپان کے وزیردفاع شنجیرو کوئزومی کے ساتھ نتیجہ خیز میٹنگ ہوئی ۔ میٹنگ میں ہم نے سمندری سیکوریٹی تعاون مضبوط کرنے ، میک ان انڈیا پہل کے تحت دفاعی ٹیکنالوجی تعاون بڑھانے اور حکمت عملی سے متعلق شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے پر بات چیت کی۔ مشترکہ پریس بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں فریقوں نے ہند-بحرالکاہل میں امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے سمندری سیکوریٹی تعاون کو عملی اور مؤثر طریقے سے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے ایک مفاہمت نامہ پر دستخط بھی کیے جس میں سمندری خطہ سے متعلق آگاہی، تلاش و بچاؤ، انسانی امداد اور آفت کے وقت امداد نیز ہندوستانی بحریہ اور جاپان میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورس کے درمیان تعاون مضبوط کرنا شامل ہے ۔
دونوں وزراء نے سمندری مواصلاتی لائنوں کی سیکوریٹی کیلئے بحری جہازوں کے باہمی دوروں، مشترکہ مشقوں، فوجی اہلکاروں اور ماہرین کے تبادلے نیز بندرگاہوں، رکھ رکھاؤ اور مرمت کی سہولیات کے استعمال سمیت لاجسٹک تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دونوں فریقوں نے بارودی سرنگوں کے خاتمے کی صلاحیتوں میں ہم آہنگی بڑھانے اور جاپان کی تکنیکی مہارت اور ہندوستان کی پیداواری صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے بحری جہاز سازی اور ڈیزائن میں مشترکہ ترقی کے امکانات تلاش کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ ہندوستان اور جاپان نے دوطرفہ فوجی مشقوں کو مزید پیچیدہ اور وسیع بنانے ، بغیر پائلٹ والے نظام کو شامل کرنے اور موقع ملنے پر کم وقت کے نوٹس پر مشترکہ مشقیں کرنے پر اتفاق کیا۔ دونوں فریقوں نے اس سال ہونے والی ‘ویر گارجین 26’ فضائی مشق کا خیرمقدم کیا، جس میں پہلی بار جاپان کے جنگی طیارے ہندوستان آئیں گے ۔ انہوں نے ہند-بحرالکاہل کے وسیع نقطہ نظر کے ساتھ اعلٰی سطحی تبادلوں، فوجی مشقوں اور دیگر پہلوؤں کے ذریعے تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ ہندوستان، جاپان اور انڈونیشیا کے درمیان اس سال فروری میں ہونے والی پہلی سہ فریقی بحری ’پاسیکس‘ مشق کا بھی خیرمقدم کیا گیا۔