قاہرہ : غزہ پٹی کی تعمیر نو کے منصوبے کے حتمی فارمولے تک پہنچنے کیلئے ہنگامی عرب سربراہ اجلاس منگل کو مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں شروع ہوا۔ اس موقعہ پر غزہ سے متعلق مصری منصوبہ عرب رہنماؤں کو پیش کیاگیا۔سربراہ اجلاس کے آغاز میں بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے زور دیا کہ ’’فلسطینی عوام کو خود ارادیت کا حق حاصل ہے ‘‘۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بحرین فلسطینیوں کو بے گھر کرنے کی کسی بھی کوشش کو واضح طور پر مسترد کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم غزہ کے حوالے سے مجوزہ مصری منصوبے کی تعریف کرتے ہیں اور اس کی حمایت کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اجلاس سے مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہ سربراہی اجلاس فلسطینیوں کے مطالبے کے جواب میں منعقد کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خطے کو سنگین چیلنجز کا سامنا ہے جس سے سلامتی اور استحکام کو خطرہ ہے۔غزہ کے لوگ ایک منصفانہ اور دیرپا امن کی امید رکھتے ہیں، غزہ کی جنگ نے ہتھیاروں کے زور پر اس کے باشندوں کی پٹی کو خالی کرنے کی کوشش کی۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مصر فلسطینیوں کو بے گھر کرنے کی کوششوں کا سختی سے مقابلہ کر رہا ہے، اور غزہ کے لوگوں کو ان کی زمینوں میں رہنے کی حمایت کرتا ہے۔ مصر صرف سچائی اور انصاف پر مبنی امن کو جانتا ہے۔ غزہ میں جنگ بندی کو جاری رہنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہاکہ ہم نے فلسطینیوں کے ساتھ مل کر غزہ کے انتظام کیلئے ایک آزاد کمیٹی تشکیل دی۔یہ کمیٹی فلسطینی اتھارٹی کی واپسی کی تیاری کیلئے غزہ کے معاملات کو آسان بنانے کیلئے کام کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ مصر فلسطینی عملے کو تربیت دے گا جو غزہ کے معاملات کو سنبھالیں گے۔غزہ کے حوالے سے ہمارا منصوبہ فلسطینی عوام کے ریاست کے قیام کے حق کو محفوظ رکھتا ہے۔انہوں نے انکشاف کیا کہ مصر اگلے اپریل میں غزہ کی تعمیر نو کیلئے ایک کانفرنس کی میزبانی کرے گا۔تعمیر نو کے منصوبے کی حمایت کیلئے ایک فنڈ قائم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، جس میں غزہ کے حوالے سے ان کے منصوبے کیلئے حمایت کو متحرک کرنے پر زور دیا گیا ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ مصر مسجد اقصیٰ میں مسلسل خلاف ورزیوں کے خلاف خبردار کرتا ہے۔ فلسطین تنازعہ کے حل کے بغیر مشرق وسطیٰ میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خطے میں امن طاقت سے نہیں آئے گا۔ آزاد فلسطینی ریاست کے بغیر امن قائم نہیں ہوسکتا۔مصری صدر نے کہا کہ امریکی صدر ڈونالڈٹرمپ خطے میں امن حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔اس موقعے پر اردنی شاہ عبداللہ دوم نے کہاکہ ہمیں غزہ کے لوگوں کی نقل مکانی کو مسترد کرنے پر زور دینا چاہیے۔ ہمیں غزہ کی تعمیر نو کیلئے ایک ہی منصوبہ تیار کرنا چاہیے۔انہوں نے فلسطینی اتھارٹی اور دو ریاستی حل کی حمایت پر بھی زور دیا۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ اردن فلسطینی عوام کی ثابت قدمی کی حمایت اور مدد فراہم کرتا رہے گا۔ اجلاس سے خطاب میں فلسطینی صدر محمود عباس نے غزہ کی تعمیر نو کے مصری منصوبے کا خیرمقدم کیا۔ انہوں ٹرمپ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس منصوبے کی حمایت کریں جس میں پٹی کے باشندوں کی نقل مکانی شامل نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم اس بات پر زور دینا چاہتے ہیں کہ ہم آنے والے سال کے دوران صدارتی اور قانون سازی کے عام انتخابات کے انعقاد کیلئے پوری طرح تیار ہیں، اگر اس کیلئے مناسب حالات دستیاب ہیںتو غزہ، مغربی کنارہ اور مشرقی یروشلم میں الیکشن کرائیں گے۔
قاہرہ میں السیسی ۔ الشرع ملاقات
قاہرہ : مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے منگل کے روز قاہرہ میں غزہ کی تعمیرِ نو پر تبادلۂ خیال کیلئے منعقدہ سربراہی اجلاس کے موقع پر شام کے نئے صدر احمد الشرع سے پہلی بار ملاقات کی۔ڈسمبر 2024 میں شام کے سابق صدر بشار الاسد کا تختہ الٹنے کے بعد الشرع عرب اور مغربی رہنماؤں کی حمایت حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہیں جو ماضی میں القاعدہ سے وابستہ تھے۔