آزاد کشمیر کا پوسٹر لہرانے والی مسلم خاتون کیخلاف مقدمہ ختم کیا جائے: ممبئی پولیس

   

ممبئی: ممبئی کی مقامی عدالت کے روبرو ممبئی پولیس نے رواں سال کے آغاز میں ممبئ کے گیٹ وے آف انڈیا میں شہری ترمیم قانون سی اے اے کے مخالف مظاہرے کے دوران ’آزاد کشمیر‘کا پوسٹر لہرانے کے الزام میں مسلم نوجوان دوشیزہ مہک مرزا پربھو کے خلاف درج مقدمے کو ختم کرنے کے لئے اپنی ’سی سمری‘رپورٹ داخل کی ہے ۔عدالت نے رپورٹ کو اپنے ریکارڑ پر رکھنے کے بعد معاملے کی سماعت ملتوی کر دی ہے ۔ قانون کی اصطلاحات میں “سی سمری”رپورٹ اسے کہتے ہے جب پولیس کو اس بات کا پختہ ثبوت دستیاب نہ ہو کہ اسکی جانب سے ملزم یاملزمہ کے خلاف درج شدہ ایف آئ آر صحیح ہے یا غلط ہے یاپھر متذکرہ ایف آئ آرمجرمانہ یا شہری معاملات کے زمرے میں آتا ہو۔ ایسے معاملات میں بجاے ملزم کے خلاف کاروائ کرنے کے پولیس کو معاملے کی تحقیقات کرنے کے بعد اسے ختم کرنے کا قانونی اختیار ہے ۔ اسی اختیار کے تحت آج پولیس عدالت سے رجوع ہوئ تھی۔ مہک کے خلاف ممبئی کے قلابہ پولیس نے تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ قائم کیا تھا جس میں ملک دشمن سرگرمیاں بھی شامل تھی۔