گوہاٹی: شمال مشرقی ہند کی ریاستوں بشمول آسام اور بنگلہ دیش اور بھوٹان میں چہارشنبہ کے روز زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 6.7 ریکارڈ کی گئی۔ آج صبح 7:51 بجے پیش آئے زلزلے کے سبب املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان کی اطلاعات ہیں ۔ بہت ساری عمارتوں اور بہت سارے علاقوں میں دیواروں اور زمین میں دراڑ پڑ گئی ہے ۔ تاہم ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے ۔امریکی جیولوجیکل سروے نے بتایا کہ اس زلزلے کا مرکز گوہاٹی سے 140کلومیٹر دور ’دھیکیاجولی‘ کے قریب زمین کی سطح سے 34 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔زلزلے کے جھٹکے بھوٹان اور بنگلہ دیش میں بھی محسوس کئے گئے ۔گوہاٹی شہر کے ایک رہائشی نے بتایا کہ یہ آسام میں اب تک کا سب سے زوردار زلزلہ تھا۔ زلزلہ کے دو زبردست جھٹکے محسوس کیے گئے ، خدا کا شکر ہیکہ ہم سب محفوظ ہیں۔ گوہاٹی میں کثیرمنزلہ اپارٹمنٹس کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے ۔ کئی عمارتوں کی چھتوں اور دیواروں کو نقصان پہنچا ہے ۔ریاستی وزیرصحت ہیمنت وشو شرما نے کہا کہ زلزلے کے سبب ہمیں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے ، لیکن ہم بڑے پیمانے پر مالی نقصان کے مناظر دیکھ رہے ہیں۔ ادھر وزیراعظم نریندر مودی نے آسام کے وزیر اعلی سرب نند سونوال سے بات کی اور ان کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لیا اور انہیں مرکز کی طرف سے ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔
