آسام اور بہار کے سیلاب کا مستقل حل تلاش کرنے کیلئے شتروگھن سنہا اور عادل حسین کی اپیل

   

ممبئی/ نئی دہلی ۔25جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) فلم انڈسٹریز سے تعلق رکھنے والی مشہور شخصیتوں شتروگھن سنہا ،عادل حسین اور پنکج ترپاٹھی نے ہر سال اپنے آبائی مقامات کی سیلاب اور طوفان سے متاثر ہونے پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے اور متعلقہ حکومتوں نے ان کے مستقل حل کو تلاش کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ پٹنہ صاحب میں پیدا ہونے والے شترو گھن سنہا نے اپنے آبائی ریاست میں آفات سماوی جیسے دماغی بخار ، شدید گرمی پھر سیلاب میں صورتحال نحوست سے تعبیر کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال اس طرح کی صورتحال وقوع پذیر ہورہی ہے اور اب ایک دوسرے پر الزام تراشی کا وقت نہیں بلکہ اس کے حل کو تلاش کرنا چاہیئے اور عوام کو ریلیف اور معاوضہ پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے اور عوام سڑکوں پر نکل آئے ہیں اور مختلف شیلٹرس میں پناہ لئے ہوئے ہیں ۔ اداکار عادل حسین جن کا تعلق آسام کے گولیارہ علاقہ سے ہے کہا کہ ملک ابھی تک اس کے ٹھوس حل کے موقف میں نہیں ہے اور آزادی کے 70 سال بعد بھی یہ مسئلہ جوں کا توں ہی ہے ۔ جبکہ ہندوستان مضبوط اور جدید ٹکنالوجی کا دعویدار ہے لیکن ان کے پاس کوئی بھی ٹھوس تجویز نہیں ہے ۔ نیشنل ایوارڈ جیتنے والی اداکارہ ریما داس جن کا تعلق آسام کے کاسروپ ڈسٹرکٹ ہے کہا کہ وہ بچپن سے ہی اسیطرح کی تباہی و بربادی کا مشاہدہ کرتی آرہی ہیں جو نہایت ہی سنگین اور دکھ درد کا باعث ہے ۔