آسام ترقی اور رابطے کے نئے دور کا گواہ ہے: مودی

   

گوہاٹی : یکم اپریل (ایجنسیز) وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ آسام نے گزشتہ ایک دہائی میں نمایاں تبدیلی دیکھی ہے اور بہتر رابطہ و بنیادی ڈھانچے نے ریاست کے بارے میں لوگوں کی سوچ بدل دی ہے۔ بسواناتھ میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ جہاں پہلے لوگ پسماندگی دیکھ کر حیران رہ جاتے تھے، آج وہ ریاست کی ترقی دیکھ کر خوشگوار حیرت میں مبتلا ہوتے ہیں۔ انہوں نے بنیادی ڈھانچے میں پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آسام کی شاہراہیں اب لڑاکا طیاروں کی لینڈنگ کے قابل ہو گئی ہیں، جو تیز رفتار ترقی کی علامت ہے۔مودی نے کہا کہ 10 سال پہلے جب کوئی آسام آتا تھا تو یہاں کی پسماندگی دیکھ کر حیران رہ جاتا تھا، لیکن آج آسام کی کنیکٹیویٹی دیکھ کر لوگوں کو خوشی ہوتی ہے۔ ابھی کچھ دیر پہلے دنیا نے آسام کی ان شاہراہوں کو بھی دیکھا جہاں لڑاکا طیارے اتر رہے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ریاست میں سیلاب اور زمین کے کٹاؤ جیسے بڑے مسائل کو حل کرنے کیلئے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس مقصد کیلئے سینکڑوں کروڑ روپے کے منصوبے جاری ہیں ۔