آسام واقع گولا گھاٹ ضلع میں زہریلی شراب کا استعمال کرنے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 66 ہو گئی ہے۔ کئی لوگوں کا اب بھی اسپتال میں علاج جاری ہے اور اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مہلوکین کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ پولس نے اس واقعہ کی تفتیش کے دوران دو لوگوں کو گرفتار کیا ہے اور ان سے پوچھ تاچھ جاری ہے۔ ملزمین کی شناخت اندوکلپا بوردولوئی اور دیب بورا کی شکل میں ہوئی ہے جو کہ چائے باغان کے پاس ہی دیسی شراب کی بھٹی چلاتے تھے۔
اس پورے معاملے میں مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سالمارا چائے باغان کے مزدوروں نے جمعرات کی شام تنخواہ ملنے کے بعد ایک دکان سے شراب خریدی تھی جسے پیتے ہی چار خواتین کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ اگلے 12 گھنٹے میں آٹھ دیگر لوگوں کی موت کی خبر آئی جو اس وقت بڑھ کر 66 پہنچ گئی ہے۔