آسام سے تمام دراندازوں کو باہر کیا جائے گا:امیت شاہ

   

گوہاٹی، 20 فروری (یواین آئی) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا ہیکہ بی جے پی کی زیر قیادت آسام حکومت نے گزشتہ دس سالوں میں ریاست میں دراندازوں کو داخل ہونے سے روکا ہے ۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ایک بار پھر بی جے پی کو ووٹ دیں تاکہ آسام سے ہر آخری درانداز کو نکال باہر کیا جا سکے ۔ مرکزی وزیر داخلہ نے جمعہ کو آسام کے کیچھر ضلع کے ناتھن پور گاؤں میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وائبرنٹ ولیج پروگرام کا آغاز کرتے ہوئے یہ بیان دیا۔ اس اقدام کا مقصد ترقی یافتہ ہندوستان کے وژن کے مطابق سرحدی برادریوں کو محفوظ، مضبوط اور خوشحال بنانا ہے ۔ شاہ نے کہا کہ آسام میں کانگریس کی حکومتوں نے پہلے سرحدوں کو غیر قانونی دراندازی کے لیے کھلا چھوڑ دیا تھا، جس کی وجہ سے آبادیاتی تبدیلی آئی۔ انہوں نے کہاکہ سرحدی علاقوں میں لوگوں نے عدم تحفظ کی وجہ سے اپنی زمینیں چھوڑنا شروع کر دیں، اور دراندازوں نے ان علاقوں پر قبضہ کر لیا۔ مقامی لوگوں اور نوجوانوں نے مواقع کھو دیے کیونکہ دراندازوں کی آبادی بڑھ رہی تھی۔انہوں نے کہاکہ آسام میں بی جے پی حکومت نے اپنی پہلی میعاد کے دوران دراندازی کو مکمل طور پر روک دیا۔
، اور اس کے دوسرے دور میں، وزیر اعلیٰ ہمنتا بسوا سرما کی قیادت میں بی جے پی حکومت نے دراندازوں کو ان زمینوں سے بے دخل کر دیا جن پر انہوں نے غیر قانونی طور پر قبضہ کیا تھا۔