آسام معاملے پر اپوزیشن کا ہنگامہ، راجیہ سبھا کا التواء

   

نئی دہلی، 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس نے شہریت ترمیمی بل کو آسام سمیت پورے ملک کے لئے خطرہ قرار دیتے ہوئے آج راجیہ سبھا میں کافی ہنگامہ کیا اور اس پر وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے بیان کا مطالبہ کیا جس کی وجہ سے ایوان کی کارروائی 12 بجے تک ملتوی کرنی پڑی۔اس سے قبل ارکان نے ایوان کی رضامندی کے بغیر حکومت کے راجیہ سبھا سیشن کی مدت میں ایک دن کا اضافہ کرنے پر احتجاج کیا۔ ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی اے آئی اے ڈی ایم کے کے ایس پی بالاسبرامیم، ترنمول کانگریس کے سکھیندو شیکھر رائے اور کانگریس کے آنند شرما نے ضابطوں کا حوالہ دیتے ہوئے ایوان کی رضامندی کے بغیر سیشن کی مدت بڑھائے جانے کی مخالفت کی۔اس پر ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نے کہا کہ منگل کو صبح ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ کے ایجنڈے میں سیشن کی مدت بڑھائے جانے کا موضوع شامل تھا اور اس پر چیئرمین کی موجودگی میں سبھی سیاسی جماعتوں کے ساتھ بحث بھی ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے باہر ارکان کی طرف سے یہ کہا جا رہا ہے کہ بغیر بحث کے ایوان کی مدت بڑھا دی گئی۔پنچ باہر کچھ نہیں کہہ سکتی لیکن اتنا ضرور ہے کہ اس معاملے پر بحث ہوئی تھی۔