آسام میں این آر سی بے قاعدگیاں ‘ عہدیدار کے خلاف کارروائی

   

گوہاٹی 18 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) قومی رجسٹر شہریت ( این آر سی ) کے حکام حکومت آسام کے ایک سینئر عہدیدار کے خلاف سخت کارروائی کی سفارش پر غور کر رہے ہیں کیونکہ انہوں نے چماریہ اور دوسرے قریبی علاقوں کے عوام کے دستاویزات کی چیکنگ کرنے میں بے قاعدگیاں انجام دی ہیں۔ ان بے قاعدگیوں کے بعد دستاویزات کی دوبارہ تنقیح کی جا رہی ہے ۔ واقفیت رکھنے والے ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ کامروپ ضلع کے ٖڈپٹی کمشنر کمل کمار بیشیا نے این آر سی ریاستی کوآرڈینیٹر پراتیک ہاجیلہ کو دو ماہ قبل ایک رپورٹ روانہ کی ہے جس میں الزام عائد کیا کہ عہدیدار مذکور کی جانب سے بے قاعدگیاں کی گئی ہیں۔ رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ اس وقت کے سرکل آفیسر نے مبینہ طور پر صرف اپنے کام کے بوجھ کو کم کرنے کیلئے عوام کو حقیقی شہری قرار دیا ہے ۔ انہوں نے ہندووں اور مسلمانوں سبھی لوگوں کو حقیقی شہری قرار دیتے ہوئے اندراج کردیا تھا ۔ ایسا کرنے سے دستاویزات کی دوبارہ تنقیح کے کام کا ان کا بوجھ کافی حد تک کم ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔