آسام میں بی جے پی کو دھکہ ، حلیف پارٹی کانگریس میں شامل

,

   

این ڈی اے سے ناطہ توڑدینے بوڈولینڈ پیپلز فرنٹ کا اعلان ، اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے ہاتھ مضبوط کریں گے

نئی دہلی :۔ ملک کی 5 ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے شیڈول جاری ہونے کے بعد سیاسی شیرازہ بندیاں شروع ہوگئیں ہیں ۔ دل بدلی اور سودے بازی کا عمل تیز ہوگیا ہے ۔ آسام میں حکمراں پارٹی بی جے پی کو آج اس وقت دھکہ لگا جب اس کی حلیف پارٹی بوڈو لینڈ پیپلز فرنٹ نے اعلان کیا کہ وہ بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے سے علحدہ ہورہی ہے اور کانگریس زیر قیادت اتحاد میں شامل ہو کر آنے والے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے ہاتھ مضبوط کرے گی ۔ بوڈو لینڈ پیپلز فرنٹ کے صدر ہگراما موہیلرے نے کہا کہ اب ہماری بی جے پی سے کوئی دوستی نہیں ۔ آسام میں امن اتحاد اور ترقی کے لیے ہم کام کریں گے ۔ ایک مستحکم حکومت لائیں گے ۔ یہ حکومت کرپشن سے پاک ہوگی ۔ انہوں نے فیس بک پر اپنا بیان دیتے ہوئے کہا کہ بوڈو لینڈ پیپلز فرنٹ نے مہاجتھ ( کانگریس اتحاد ) میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اس اتحاد کو مضبوط بنایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے بعد آسام میں کانگریس کا اقتدار یقینی ہے ۔ آسام میں کانگریس مہم کمیٹی کے چیرمین پردیت بوڈولی نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ بوڈو لینڈ پیپلز فرنٹ ہمارے ساتھ ہوگئی ہے ۔ قبل ازیں بی جے پی نے کہا تھا کہ وہ اسمبلی انتخابات میں اپنی موجودہ حلیف پارٹی بوڈو لینڈ پیپلز فرنٹ سے کوئی اتحاد نہیں کرے گی ۔ بی جے پی اور بوڈو لینڈ پارٹی میں اختلافات حالیہ منعقدہ بوڈو لینڈ علاقائی کونسل انتخابات کے دوران پیدا ہوئے تھے ۔۔