آسام میں سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر81ہوئی

   

گوہاٹی: آسام میں سیلاب کی وجہ سے پیر کو مزید 11 لوگوں کی موت ہو گئی، جس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر81 ہو گئی۔حکام نے منگل کو یہ اطلاع دی۔ حکام نے بتایا کہ ریاست کے 34 میں سے 32 اضلاع میں سیلاب کی دوسری لہر سے 48 لاکھ سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ اسی دوران دہلی سے حکام کی ایک ٹیم ریاست میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے آسام کا دورہ کرے گی۔وزیر اعلی ہیمنت بسوا سرما نے ایک ٹویٹ میں کہا، “مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے پیر کو ایک ٹیلی فونک بات چیت میں بتایا کہ سیلاب سے ہوئے نقصان کا جائزہ لینے کے لئے ایک مرکزی ٹیم جلد ہی ریاست کا دورہ کرے گی۔” سرما نے ٹویٹ کیا کہ عزت مآب وزیر داخلہ جناب امیت شاہ نے آسام میں سیلاب کی صورتحال کے بارے میں جاننے کے لئے آج صبح دو بار فون کیا۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفت سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے وزارت داخلہ کی طرف سے جلد ہی حکام کی ایک ٹیم بھیجی جائے گی۔