آسام میں مخالف سی اے اے احتجاج کا سلسلہ جاری

   

گوہاٹی 29 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) آسام میں اتوار کو بھی ہزاروں افراد نے شہریت ترمیمی بل کے خلاف سڑکوں پر اترکر احتجاج کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ جب تک اس قانون سے دستبرداری اختیار نہیں کرلی جاتی ان کا احتجاج جاری رہے گا ۔ اپوزیشن کانگریس نے 22 ڈسمبر کو اس قانون کے خلاف سادیہ سے دھوبری تک 800 کیلومیٹر کی پدیاترا کا آغاز کیا تھا اور یہ یاترا اب ہزاروں افراد کی شرکت کے ساتھ گولاگھاٹ تک پہونچ چکی ہے ۔ سی اے اے کے خلاف سب سے بڑا احتجاج نلباری میں ہوا جہاں معروف گلوکار زوبین گارگ نے 2021 میں اسمبلی انتخابات میں مقابلہ کرنے ایک نئی علاقائی جماعت کی تشکیل کا اشارہ بھی دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ‘ آسام گن پریشد اور بی جے پی نے آسامی عوام سے دغا کی ہے ۔ ہم کو اب کچھ نیاں سوچنا ہوگا ۔ اگر ضروری ہوا تو ہم اپنی خود کی پارٹی قائم کرینگے اور انتخابات میں مقابلہ کرینگے ۔ کثیر تعداد میں عوام نے ناگاوں میں ساماگوری کے مقام پر ایک احتجاجی مارچ منعقد کیا ۔ گوہاٹی ‘ باکسا ‘ ڈھوکلا جولی ‘ گول پارہ ‘ کربی انگلانگ ‘ بوکا جن اور دیگر کئی مقامات پر بھی مخالف سی اے اے ریلیاں منظم کی گئیں ۔