آسام میں پولیس اسٹیشن جلانے کا اہم ملزم حادثہ میں ہلاک

   

گوہاٹی: آسام کے بٹادروا تھانہ کو نذر آتش کرنے کے لئے مبینہ طور بھیڑ کی قیادت کرنے والے ملزم کی پیر کی اولین ساعتوں میں پولیس کی حراست سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران ایک سڑک حادثے میں موت ہو گئی۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم کو اتوار کو گرفتار کیا گیا تھا۔ ملزم نے اعتراف کیا تھا کہ اس نے اپنے گھر میں ہتھیار رکھے ہوئے ہیں جس کے بعد پولیس اسے برآمد کرنے کے لیے لے جا رہی تھی۔ ناگاؤں کی پولیس سپرنٹنڈنٹ لینا ڈولے نے کہاکہ ہماری ٹیم ہتھیاروں کی تلاش میں گئی تھی۔ سرچ آپریشن ختم ہونے کے بعد ملزم نے راستے میں گاڑی سے فرار ہونے کی کوشش کی تو قافلے کے پیچھے چل رہی گاڑی غلطی سے اس پر چڑھ گئی۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
واضح رہے کہ سلونا بوری گاؤں کے 39 سالہ مقامی مچھلی فروش شفیق الاسلام کی مبینہ طور پر پولیس حراست میں موت کے بعد گزشتہ ہفتہ کو ڈھنگ سرکل کے بٹادروا تھانہ کو نذر آتش کر دیا گیا تھا۔
اہم بات یہ ہے کہ تھانہ کو آگ لگانے والے ملزمان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ان کے مکانات کو تباہ کر دیا ہے ۔