آسام میں پھنسے کانکنوں کو بچانے بحریہ کی خصوصی ٹیم

   

نئی دہلی: ہندوستانی بحریہ نے آسام کے دیما ہاساؤ ضلع کے دور افتادہ صنعتی شہر عمرنگسو میں پھنسے کانکنوں کو بچانے کے لیے بچاؤ آپریشن میں مدد کے لیے ایک خصوصی ٹیم کو تعینات کیا ہے ۔ بحریہ کے ایک ترجمان نے آج یہاں بتایا کہ یہ ٹیم ایک افسر اور گیارہ ملاحوں پر مشتمل ہے ، جن میں اعلیٰ تربیت یافتہ کلیئرنس غوطہ خور بھی شامل ہیں، جو گہرے پانی میں غوطہ خوری اور بچاؤ کے کاموں میں ماہر ہیں۔ ٹیم اس اہم اور حساس مشن کے لیے مکمل طور پر تیار ہے ، جس میں خصوصی آلات جیسے گہرے پانی میں غوطہ خوری اور تلاش اور بچاؤ کے لیے پانی کے اندر دور سے چلنے والی گاڑیاں (آر او وی ایس ) موجود ہیں۔ ریسکیو آپریشن ہندوستانی فوج، نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس اور مقامی سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر کیا جا رہا ہے تاکہ فوری اور موثر امداد کو یقینی بنایا جا سکے ۔ ہندوستانی بحریہ کی ٹیم کو وشاکھاپٹنم سے فضائیہ کے طیارے کے ذریعے روانہ کیا گیا ہے ۔امدادی کارروائیوں میں آسانی کے لیے تمام ایجنسیوں کے ساتھ اطلاعات کا باقاعدگی سے تبادلہ کیا جا رہا ہے ۔