آسام ‘کریم گنج کا نام بدل کر شری بھومی رکھنے پر ہنگامہ

   

گوہاٹی 12 ستمبر (ایجنسیز) آسام کی بی جے پی حکومت نے کریم گنج ضلع کا نام تبدیل کرکے شری بھومی رکھنے کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد نہ صرف آسام بلکہ پورے ملک کے مسلمانوں نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور اسے اپنی ثقافتی و تاریخی شناخت مٹانے کی کوشش قرار دیا۔احتجاج کرنے والوں نے ریلیاں نکالیں اور ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا کر نعرے لگائے: کریم گنج صرف ایک نام نہیں، یہ ہماری تاریخ اور پہچان ہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت ایسے اقدامات کر رہی ہے جو مسلمانوں کو نشانہ بنانے کے مترادف ہیں۔مختلف تنظیموں اور اپوزیشن نے بھی فیصلے کی مخالفت کی۔ بائیں بازو کی جماعتوں نے کہا کہ حکومت نے عوام سے مشاورت کیے بغیر یہ اقدام اٹھایا۔ ایک علاقائی پارٹی کے ترجمان راکیش شرما نے کہا:کریم گنج کی تاریخی حیثیت ہے۔ نسلوں سے جڑے نام کو اچانک بدل دینا عوام کی رائے کو نظرانداز کرنے کے مترادف ہے۔مسلم برادری کا کہنا ہے کہ بی جے پی حکومت بار بار ایسے ناموں کو نشانہ بنا رہی ہے جن کا تعلق مسلمانوں سے ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق، ایسی پالیسیوں سے سماجی ہم آہنگی کو نقصان پہنچ رہا ہے اور ملک میں کشیدگی بڑھ سکتی ہے۔