’آسام کے عوام ملکی اور مقامی مصنوعات کی خرید و فروخت کریں‘

   

غیرقانونی ہجرت کرنے والوں کو ملک کے وسائل پر قبضہ کرنے نہیں دیا جائے گا ، وزیراعظم مودی کا خطاب

دارانگ، آسام، 14 ستمبر (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے امریکہ اور دنیا کے دیگر حصوں میں مارکیٹ پروٹیکشنزم کے بڑھتے رجحانات کے درمیان اتوار کو ایک بار پھر شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ملکی اور مقامی مصنوعات کی خرید و فروخت کو ترجیح دیں۔ مودی نے ملک میں خاص طور پر سرحدی علاقوں میں غیر قانونی ہجرت سے پیدا ہونے والے خطرات کے بارے میں لوگوں کو خبردار کرتے ہوئے واضح اعلان کیا کہ ان کی حکومت غیر قانونی ہجرت کرنے والوں کو ملک کے وسائل اور زمین پر قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔وہ دارانگ میں ایک نئے میڈیکل کالج، اسپتال اور نرسنگ کالج کے نئے کمپلیکس، گوہاٹی میں برہمپُتر پر نئے پل اور گوہاٹی رنگ روڈ پروجیکٹ کی آن لائن بنیاد رکھنے کے بعد ایک عوامی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔وزیراعظم نے کہا کہ تقریباً 6500 کروڑ کے تخمینے والے ان منصوبوں کی تعمیر شمال مشرق اور آسام کو اقتصادی ترقی کے نئے انجن کے طور پر تیار کرنے کے ان کی حکومت کے عزم کے تحت کی جا رہی ہے ۔وزیراعظم نے آسامیا گلوکار آنجہانی بھوپن ہزاریکا کو بھارت رتن دیے جانے پر کانگریس صدرکے تبصرے پر سخت تنقید کی۔انہوں نے غیر قانونی ہجرت کے مسئلے سے نمٹنے کی اپنی حکومت کی پالیسیوں اور قوانین کی مخالفت کرنے کے لیے بھی اپوزیشن اور کانگریس پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس غیر قانونی ہجرت کرنے والوں کو ہندوستان میں مستقل طور پر بسانا چاہتی ہے ۔انہوں نے اپنے خطاب کا آغاز آپریشن سندور سے کرتے ہوئے کہا کہ ماں کامیاکھیا کے آشیرواد سے آپریشن سندور کو زبردست کامیابی ملی۔انہوں نے عوام سے ملک اور نئی نسل کے روشن مستقبل کے لیے ملکی مصنوعات خریدنے کی یقین دہانی طلب کی۔انہوں نے کہا کہ ”ملکی مصنوعات کی میری تشریح بہت سیدھی ہے ۔ کمپنی کہیں کی بھی ہو، سرمایہ دنیا کے کسی بھی حصے سے آیا ہو، لیکن مصنوعات بنانے میں میرے ملک کے لوگوں کی محنت شامل ہونی چاہیے ، اس میں ملک کی مٹی کی خوشبو ہونی چاہیے ”۔انہوں نے دکانداروں سے اپنی دکانوں پر ملکی مصنوعات کا بورڈ لگانے کی بھی اپیل کی۔انہوں نے ملکی مصنوعات کے اثر کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ تقریباً 50 سال پہلے وہ کچھ وقت کنیا کماری میں رہے ۔ وہاں ایک دن وہ گلے میں گمچھا ڈال کر گھوم رہے تھے ، تو کچھ لوگوں نے ان کے پاس آکر پوچھا کہ آپ آسام سے ہیں؟ تو ان کا جواب تھا، میں گجرات کا ہوں۔

وزیر اعظم بہار کو آج40 ہزار کروڑ کی اسکیموں کا تحفہ دیں گے
پٹنہ، 14 ستمبر (یواین آئی) بہار کے نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے اتوار کو کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی 15 ستمبر کو پورنیہ میں 40 ہزار کروڑ سے زیادہ کی اسکیموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ چودھری نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ مودی جب بھی بہار آتے ہیں، وہ ریاست کو ترقی کیلئے اقتصادی پیکج یا کروڑوں روپے کے منصوبوں کا تحفہ دیتے ہیں۔ چودھری نے کہا کہ اس بار وزیر اعظم مودی پورنیہ ہوائی اڈے کی عبوری ٹرمینل عمارت کا افتتاح کریں گے۔
اور سیمانچل کی سرزمین سے ترقی کو پرواز کیلئے تیار کریںگے ۔انہوں نے کہا کہ اس موقع پر پورنیہ ہوائی اڈے سے پہلی تجارتی پرواز بھی شروع ہوگی۔ اس سے سیمانچل کے لوگوں کو ملک کے دوسرے حصوں میں تیز اور ہموار سفر کی سہولت ملے گی۔ نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم مسٹر مودی نے 2015 میں پہلی بار بہار کو 1.65 لاکھ کروڑ کا خصوصی اقتصادی پیکیج دیا تھا۔وہ اس ریاست کا 50 سے زیادہ مرتبہ دورہ کرنے والے پہلے وزیر اعظم ہیں۔ مسٹر چودھری نے کہا کہ وزیر اعظم مسٹر مودی بھاگلپور میں نمامی گنگے پروگرام کے تحت ایس ٹی پی اور آئی اینڈ ڈی، پورنیہ میں سیکس سورٹڈ سیمین پروڈکشن سینٹر، ارریہ سے گلگلیہ (ٹھاکر گنج) تک نئی ریلوے لائن کا بھی افتتاح کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پورنیہ ہوائی اڈے کا یہ نیا ٹرمینل بہار میں ہوائی رابطہ کو مزید مضبوط کرے گا۔ یہ ریاست کا سب سے بڑا رن وے والا ہوائی اڈہ ہے ۔ اس کے ساتھ ہی وہ سیمانچل کے کسانوں اور مویشی پالنے والوں کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس سیمین کی سہولت کا بڑا فائدہ دیں گے ۔