نئی تعلیمی پالیسی سیکولرزم کے خلاف ، مسلم متحدہ کونسل بیجاپور کی احتجاجی یادداشت ڈپٹی کمشنر کو پیش
گلبرگہ ۔ مولانا کلیم صدیقی کی گرفتاری کایوپی کے اے ٹی ایس کے پاس کوئی قانونی جواز نہیں ہے،انہیں بغیر کسی ثبوت کے گرفتار کیا گیا ہے۔مولانا کلیم صدیقی بے قصور ہیں، انہیں جلد از جلد رہا کیاجائے، مولانا سید تنویرہاشمی صدر مسلم متحدہ کونسل ضلع بیجاپورنے بیجاپور ڈی سی سے ملاقات کے دوران اس بات کامطالبہ کیا۔مولانا سید تنویرہاشمی کی قیادت میں مسلم متحدہ کونسل بیجاپور کے ایک وفد نے ڈی سی سے ملاقات کی اور ایک میمورنڈم پیش کیا جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ مولانا کلیم صدیقی کوباعزت بری کیاجائے کیونکہ یوپی کے اے ٹی ایس کے پاس ان کے خلاف کوئی ثبوت نہیںہے،مولانا کلیم صدیقی کو کسی اندرونی سازش کے تحت گرفتار کیاگیا ہے۔ میمورنڈم میں آسام میں ہوئے فسادکی مذمت کی گئی ہے جس میں ظلم وبربریت اورحیوانیت کا کھلم کھلا اظہار کیا گیاہے۔ عوامی بھیڑ پر گولی چلائی گئی جس کے نتیجہ میں ایک شخص کا قتل ہوا اور اس کی لاش کے ساتھ بے حرمتی کی گئی۔ عوامی بھیڑ پر اس طرح گولی چلانا سراسر قانون کی خلاف ورزی ہے۔ مسلم متحدہ کونسل کے وفد نے حکومت ہند سے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعہ کی تحقیق کی جائے، فساد میں ملوث مجرمین کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور مظلومین کے ساتھ انصاف کیاجائے۔میمورنڈم میں تیسرا مطالبہ یہ کیاگیا ہے کہ نیوایجوکیشن پالیسی میں تبدیلی کی جائے کیونکہ یہ نئی تعلیمی پالیسی ملک کے سیکولر ڈھانچے کے خلاف ہے۔ اس میں فرقہ پرست قوتوں کا رنگ صاف نظر آتا ہے۔ اس کے خلاف ملک گیر تحریک کی ضرورت ہے جو ہم چلائیںگے۔ ملک کے تمام امن پسند باشندوں سے گزارش کی گئی ہے کہ فرقہ پرستوں کے خلاف اور ملک کے قانون کی حفاظت کے لیے اس تحریک کا ساتھ دیاجائے۔ میڈیا سے بات چیت کے دوران آسام کے فساد کا ذکرکرتے ہوئے مولانا سید تنویر ہاشمی نے کہا کہ یہ ایک ناقابل برداشت واقعہ ہے جو ملک کی جمہوریت کے خلاف ہے ۔ ایک سوال کے جواب پر انہوںنے کہا کہ کرناٹک ریاست سمیت ملک کے دیگر ذمہ دار علماء اور ماہرین تعلیم نے اس نئی تعلیمی پالیسی پر اعتراض کیاتھا اوراس میں تبدیلی کا پرزور مطالبہ بھی کیاگیا تھا۔لیکن ہمارے مطالبات کو پس پشت رکھ کر اس نئی پالیسی کو لاگو کیاگیاہے۔ لہٰذا ہم اس نئی پالیسی کے خلاف ملکی سطح پر تحریک چلائیںگے اور عدالت عظمی کا دروازہ کھٹکھٹائیںگے۔ مولانا سیدتنویرہاشمی نے ملک کے تمام امن پسند ہندوستانیوں سے ظلم کے خلاف آواز اٹھانے کی گزارش کی ہے۔