گوہاٹی:آسام میں طوفانی بارشوں سے آنے والے سیلاب سے آسام کے کئی علاقوں میں تباہی مچا رکھی ہے۔ جان و مال کا کافی نقصان ہوا ہے۔ اسی درمیان مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آسام وزیر اعلٰی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ مرکزی حکومت کی طرف سے آسام کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔وزیر داخلہ نے ٹویٹ کیا کہ وہ آسام کے کچھ حصوں میں شدید بارش کے پیش نظر صورتحال کو لے کر کافی فکر مند ہیں۔ انہوں نے صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے آسام کے وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سے بات کی اور انہیں مرکزی حکومت کی طرف سے ہر ممکن مدد کا یقین دلایا گیا۔ بتادیں کہ آسام میں مسلسل بارش کی وجہ سے سیلاب اور زمین کھسکنے کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ ریاست کے 20 اضلاع میں سیلاب سے تقریباً 1.97 لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔
Concerned about the situation in the wake of heavy rainfall in parts of Assam. Spoke to CM Shri @himantabiswa to take stock of the situation. NDRF teams are already been deployed. Assured all possible help from the central government.
— Amit Shah (@AmitShah) May 17, 2022
سیلاب متاثرین کو محفوظ مقامات تک پہونچایا گیا
حکومت نے انخلاء اور امدادی اقدامات کے لیے ہندوستانی فوج، نیم فوجی دستے، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز، ایس ڈی آر ایف، سول انتظامیہ اور تربیت یافتہ رضاکاروں (والینٹرز) کو تعینات کیا ہے۔ کچھار ضلع انتظامیہ اور آسام رائفلز کے درمیان مشترکہ منصوبے نے باراکھلا علاقے میں سیلاب متاثرین کو بچایا اور انہیں امدادی کیمپوں میں بھیجا ہے۔