آسام کے چیف منسٹر پر کانگریس کی تنقید

   

نئی دہلی: کانگریس نے اتوار کو آسام کے وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما کو اس وقت سخت تنقید کا نشانہ بنایا جب انہوں نے بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کو یقین دلایا کہ ان کی حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ فلم ’پٹھان‘ کی نمائش کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔ کانگریس کے میڈیا اور پبلسٹی ڈپارٹمنٹ کے سربراہ پون کھیرا نے ہندی میں ایک ٹویٹ میں کہا کہ راج دھرم پر حکومت چلانے کیلئے کانگریسی بننا پڑتا ہے۔ ان کا یہ ٹویٹ گوہاٹی میں انتہائی دائیں بازو کے گروپ کے رضاکاروں کے ذریعہ فلم پٹھان کے پوسٹروں کی توڑ پھوڑ پر آسام کے وزیر اعلیٰ کے تبصرہ کے پس منظر میں آیا ہے۔ بجرنگ دل کے کئی ارکان نے مبینہ طور پر جمعہ کو نارنگی علاقہ میں ایک سنیما ہال میں گھس کر املاک کی توڑ پھوڑ کی اور پٹھان کے پوسٹروں کو جلا دیا۔