گوہاٹی ۔ کانگریس نے آسام اسمبلی انتخابات کیلئے اپنے 40 امیدواروں کی ایک فہرست کل شام جاری کی ہے جس میں تقریبا نصف نئے چہرے ہیں۔ کانگریس پارٹی نے ٹیٹابور حلقہ اسمبلی کیلئے سابق چیف منسٹر آنجہانی ترون گوگوئی کے افراد خاندان سے مشاورت کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ترون گوگوئی اس نشست سے لگاتار چوتھی معیاد کیلئے منتخب ہوئے تھے ۔ ان کا گذشتہ سال نومبر میں کورونا کی وجہ سے دیہانت ہوگیا تھا ۔ کل رات پارٹی نے 27 مارچ کو ہونے والے انتخابات کیلئے 40 امیدواروں کی ایک فہرست جاری کردی ہے جس میں 20 نئے چہرے شامل ہیں جبکہ چھ موجودہ ارکان اسمبلی کو بھی موقع دیا گیا ہے ۔ بی جے پی ٹیٹا بور حلقہ کو کانگریس سے چھین لینا چاہتی ہے اور اس کیلئے حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے ۔ کانگریس نے ریاست میں ایک مقامی جماعت اور بدرالدین اجمل کی قیادت والی اے آئی یو ڈی ایف سے بھی اتحاد کیا ہے اور حلیف جماعتوں میں نشستوں کی تقسیم پر مذاکرات کا سلسلہ اب بھی جاری ہے ۔ کانگریس نے پردیش کانگریس کے صدر و راجیہ سبھا رکن ریپون بورا کو بھی موقع دیا ہے اور وہ گوہ پور حلقہ سے مقابلہ کرینگے جہاں ان کی شریک حیات مونیکا بورا کو بی جے پی امیدوار نے 30 ہزار ووٹوں سے شکست دی تھی ۔ کانگریس نے چار خواتین کو بھی موقع دیا ہے جو 2016 کے انتخابات میں بہت کم فرق سے شکست کھاگئی تھیں۔