آستانہ مخدوم الہٰی کڑپہ کا 25 نومبر تا یکم ڈسمبر عرس

   

انتظامات کی تیاریاں، خصوصی اجلاس کا انعقاد ، ڈپٹی چیف منسٹر کی شرکت

کڑپہ /26 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) آستانہ مخدوم الہی کڑپہ میں تقاریب عرس شریف حضرت خواجہ سید شاہ عارف اللہ محمد محمد الحسینی چشتی القادریؒ کا آئندہ ماہ 25 نومبر تا یکم ڈسمبر انعقاد عمل میں آئے گا ۔ اس سلسلے میں تقاریب عرس شریف کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے آستانہ مقدوم الہی میں ایک خصوصی اجلاس سجادہ نشین آستانہ مقدوم الہی مولانا سید شاہ عارف اللہ حسینی کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں نائب وزیر اعلی آندھراپردیش ایس بی امجد پاشاہ ، ضلع کلکٹر کڑپہ وی وجیا راما راجو ضلع اے پی کڑپہ سدھارتھ کوشیل ضلع کے تمام اعلی عہدیداروں کے علاوہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی انچارج کڑپہ ایس بی احمد باشاہ ریاستی ویر ہاوز کارپوریشن چیرمین کریم اللہ تلگودیشم قائدین امیر بابو ، گوردھن ریڈی ، ہری پرساد ، سبحان باشاہ اور دیگر قائدین موجود تھے ۔ اس موقع پر نائب وزیر اعلی آندھراپردیش ایس بی امجد باشاہ و قدیم درگاہ شریف کے عرس کو بڑے پیمانے پر منانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرنے کا ضلع کے کلکٹر اور دیگر عہدیداروں کو ہدایت کی ۔ ضلع کلکٹر کڑپہ وجیا راما راجیو نے کہا کہ آستانہ مخدوم الہی کا عرس شریف ضلع والوں کیلئے ایک عید کے مائند ہوتا ہے ۔ جس میں ہر مذہب و طبقہ کے افراد بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہیں ۔ تقاریب عرس شریف کیلئے ضلع انتظامیہ تمام تر اقدامات کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ عرس سے ایک ہفتہ پہلے دوبارہ ضلع کے اعلی عہدیدراوں کا اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں انتظامات کو قطعیت دی جائے گی ۔ ضلع ایس پی کڑپہ مسٹر سدھارتھ کوشیل نے کہا کہ عرس شریف کے موقع پر سیکوریٹی کے خاطر خواہ انتظامات کئے جائیں گے ۔ اس موقع پر عرس شریف کے بیانر کا اجراء کیا گیا ۔ اس اجلاس میں سجادہ نشین آستانہ مخدوم الہی مولانا عارف اللہ حسینی کے علاوہ درگاہ کے خدام کی بڑی تعداد موجود تھی ۔