فرضی ناموں کے ذریعہ بڑے پیمانے پر رقم ہڑپنے کا انکشاف، سی سی ایس پولیس کی کارروائی
حیدرآباد /17 ستمبر ( سیاست نیوز ) آسرا پنشن اسکام کو بے نقاب کرتے ہوئے سنٹر کرائم اسٹیشن سی سی ایس پولیس نے 4 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ جنہوں نے مسحق افراد کے اکاونٹس کو نکال کر ان کے بجائے فرضی ناموں اور اکاونٹس کے ذریعہ بڑے پیمانے پر رقم ہڑپ رہے تھے۔ اس سلسلہ میں ایک پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے جوائنٹ کمشنر سی سی ایس مسٹر ایوناش موہینی نے بتایا کہ 25 سالہ اسلم 23 سالہ سہیل الدین 31 سالہ محسن اور 30 سالہ عمران خان کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد آر ڈی او کی شکایت پر سی سی ایس سائبر کرائم سیل نے تحقیقات کا آغاز کیا اور اس ٹولی کو بے نقاب کردیا ۔ چارمینار تحصیلدار آفس سے اس کارروائی کو انجام دیا گیا ۔ آسرا پنشن کے آئی ڈی اور پاس ورڈ کے ذریعہ مستحق افراد کے ناموں کو ہٹادیا گیا اور ان کی جگہ فرضی ناموں کو درج کرتے ہوئے کارروائی کی جارہی تھی ۔ اس خطرناک سازش کی بھنک لگنے پر ریونیو ڈیویژنل آفیسر فوری چوکس ہوگئے اور انہوں نے پولیس سے شکایت کردی ۔ جوائنٹ کمشنر نے بتایا کہ تقریباً 225 افراد کے وظیفہ کی رقم کو ان افراد نے ہڑپ لیا ۔ ایم آر او آفس بنڈلہ گوڑہ سے تعلق رکھنے والے عمران نے ایم آر او چارمینار کے نام اور پاس ورڈ کو اپنے ساتھی کے حوالے کردیا ۔ پاس ورڈ کی حصولی یابی کے بعد اس ٹولی نے منصوبہ تیار کیا اور اپنی سارش پر عمل آوری کا آغاز کیا ۔ انہوں نے درخواستیں حاصل کرنے ایک خاتون کو مدد لی اور اس خاتون کو درخواستیں حاصل کرنے پر معمور کیا اور شہر بھر سے درخواستیں حاصل کی جاری تھی اور اصل مستحقین کے نام کو ہٹاکر یہ ٹولی ان کی جگہ اپنے طور پر فرضی ناموں اور ان کے کاونٹ نمبر کو درج کرلیا تھا ۔ اس ٹولی نے 20 تا 25 لاکھ روپیوں کا اسکام کیا ہے پولیس نے گرفتار کرلیا ۔