کے سی آر کو غریبوں کی بھلائی کی فکر، پنشن سرٹیفکیٹس کی تقسیم
حیدرآباد۔/20 جولائی، ( سیاست نیوز) سابق وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے سدی پیٹ کے مختلف علاقوں میں آسرا پنشن کے منظورہ سرٹیفکیٹ ضعیفوں اور معذورین میں تقسیم کئے۔ پرشانت نگر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راو نے کہا کہ حکومت نے انتخابات سے قبل آسرا پنشن میں اضافہ کا اعلان کیا تھا جس کے مطابق پنشن دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی 29 ریاستوں میں 130 کروڑ عوام میں کہیں بھی پنشن کے تحت 2016 روپئے ماہانہ نہیں دیئے جاتے۔ تلنگانہ کی کے سی آر حکومت کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہے کہ غریبوں اور بے سہارا افراد کیلئے ماہانہ 2016 روپئے دینے کا انتظام کیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ سے انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے سبب پنشن کی رقم میں تاخیر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنشن میں اضافہ غریبوں کی عزت نفس میں اضافہ کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے ماہانہ وظیفہ کو1000 سے بڑھاکر 2016 کیا ہے جبکہ 15 سو کے پنشن کو 3016 روپئے کیا گیا جو معذورین کو دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اس طرح کے پنشن متعارف کرنے والی واحد ریاست تلنگانہ ہے۔ کے سی آر ہمیشہ غریبوں کی بھلائی کی فکر کرتے رہے ہیں اور انہوں نے پنشن کے علاوہ کئی اسکیمات کا بھی آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد حقیقی غریبوں میں ڈبل بیڈ روم مکانات تقسیم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں و خانگی دواخانوں میں مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سدی پیٹ کے 13866 استفادہ کنندگننان کو چاہیئے کہ وہ ایک ایک پودا لگائیں تاکہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ آسراء پنشن چیف منسٹر کا انتہائی پسندیدہ پروگرام ہے کیونکہ وہ ہمیشہ غریبو کی بھلائی کی فکر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی اسکیمات کو ملک کی دیگر ریاستیں اختیار کررہی ہیں ۔ ہریش راؤ نے بتایا کہ سدی ییٹ کے ترکاری اور کارپوریشن ہاسپٹلس میں بہتر علاج کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ طبی خدمات کو مزید بہتر بنانے کیلئے میڈیکل کالج قائم کیا جارہا ہے۔ سرکاری دواخانوں میں ڈیلیوری کی صورت میں کے سی آر کٹس فراہم کی جارہی ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پلاسٹک کااستعمال ترک کرتے ہوئے سدی پیٹ کو پلاسٹک فری ٹاؤن میں تبدیل کریں۔